Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کمپنیوں کو ماہر کارکن فراہم کریں گے، سفیر پاکستان

مشرقی ریجن میں تقریب یوم ِآزادی ، ویلفیئر اتاشی محمودلطیف سمیت پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد کی شرکت، سوالات اور تجاویز کا سیشن رکھا گیا
 
الخبر(بشیر احمد بھٹی)مشرقی ریجن میں یوم آزادیٔ پاکستان کی مناسبت سے سفیر پاکستان عزت مآب خان ہشام بن صدیق اور ویلفیئر اتاشی محمود لطیف نے’’ کے ایف یو پی ایم ‘‘کے پاکستانی اساتذۂ کرام اور آرامکو میں کا م کرنے والے پاکستانیوں سے ملاقات کی ۔سفیر پاکستان نے اس موقع پر منعقد ہونے والی تقریب کے تمام شرکاء سے فرداً فرداًملاقات کی۔
تقریب کا آغاز قرآن کریم کی تلاوت سے ہوا۔کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔پروفیسر محمد وحید اسلم نے یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹس میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی پروفیسرز اور فارغ التحصیل طلبہ کے بارے میں بتایا کہ’’ کے ایف یو پی ایم ‘‘ دنیا میں رینکنگ کے لحاظ سے 173 نمبر پر ہے اور دنیائے عرب میں اسے پہلا نمبر حاصل ہے۔ اس مادر علمی سے 549 پاکستانی ماسٹرزکی ڈگری حاصل کر چکے ہیں۔70 پی ایچ ڈی اور اس وقت ماسٹرز کیلئے 15 اور پی ایچ ڈی کیلئے 20 طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔مختلف فیکلٹیز میں 123پاکستانی اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ 
سفیرپاکستان نے اپنے ہم وطنوں کو 70ویںیوم آزادی پر مبارکباد دی اور اپنے خطاب میں سعودی عرب اور پاکستان کے خصوصی برادرانہ تعلقات کا ذکر کیا۔ انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں یہاں رہتے ہوئے مقامی قوانین وضوابط کا بھر پور احترام کرنا چاہیے۔ تقریب میں سوالات اور تجاویز کا خصوصی سیشن رکھا گیا ۔ 
سفیر پاکستان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی یونیورسٹی کے کیمپس کا اہتمام سعودی عرب میں کیا جائے اور ہماری کوشش ہے کہ پاکستانی اسکولوں کا اجراء جدہ، ریاض اور دمام میں کیا جائے۔ دیار حبیب میں پاکستانی ڈاکٹرز اور انجینیئرز کوملازمت کے مزید مواقع مہیا کرنے کی کوشش کی جائیگی۔
سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی پروڈکٹ خاص طور پر گوشت اور آم نہایت عمدہ کوالٹی کی ہیں مگر نسبتاًمہنگی ہیں،اس میں بھی مزید بہتری لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہماری یہ بھی کوشش ہے کہ برادر ملک میں بڑی کمپنیوں سے رابطے کئے جائیں اور ان کی ضروریات کے مطابق پاکستان سے کوالیفائڈ لیبر فورس کا اہتمام کیا جا سکے۔
تقریب کے انتظامات میں پروفیسر محمد وحید اسلم اور ان کی ٹیم پیش پیش رہی۔ قومی ترانے اور ضیافت کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا۔
 

شیئر: