Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منطقہ شرقیہ : POCکے زیر اہتمام جشن آزادی پاکستان تقریب

 ویلفیئر اتاشی محمود لطیف مہمان خصوصی تھے ، بچوں کیلئے ٹیبلو اور تقاریر کا اہتمام
الخبر(بشیر احمد بھٹی) منطقہ شرقیہ کے پُرجوش نوجوانوں کی نمائندہ تنظیم پاکستان اوورسیز کمیونٹی( POC) کے زیر اہتمام یوم آزادی کی تقریب الخبر عزیزیہ کے وسیع وعریض استراحہ میں "ایک قوم ایک پہچان پاکستان" کے بینر تلے منائی گئی جس میں ہم وطنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے ملی یکجہتی کا ثبوت دیا۔ تقریب میں بچوں کی بھرپور شرکت تھی۔ نوجوان ارسلان شیخ نے کمپیئرنگ کرتے ہوے شرکاء کے خون کو گرمائے رکھااور اپنے اندازِ خطابت سے پروگرام کو اختتام تک دلچسپی کی بلندیوں پر لے جانے میں کامیاب رہے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی الہ علیہ وسلم سے کیا گیا۔ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے سفیر پاکستان کی نمائندگی کےلئے محمود لطیف ویلفیئر اتاشی موجود تھے ۔ انہوں نے سفیر پاکستان کا پیغام پہنچایا اور اپنے خطاب میں سب سے پہلے پاکستان کی سالگرہ پر قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ 70 سال کا سفر ہمارے آباﺅ اجداد کی لا زوال قربانیوں کی داستان ہے۔ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر بنا۔انہوں نے مزید کہا کہ آنے والا کل نوجوانوں کا منتظرہے۔ بحیثیت قوم ہمیں اپنا طرز عمل بدلنا ہو گا اور بحیثیت پاکستانی ہمیں مل جل کر پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔پاکستان کا سفیر بننااور سعودی قوانین کا احترام اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔ تقریب میں فیصل احسان نے پی او سی کے اعزازات اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں بتایا ۔دانش قمر نے قائد اعظم کی زندگی اور دو قومی نظریہ کے بارے میں تفصیلی بات کی۔ جواد علی نے پاکستان چلڈرن ہارٹ فاﺅنڈیشن(PCHF ) کی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا کہ کس طرح یہ تنظیم درد کا مداوا کر رہی ہے۔ علی، جیزی پاشا اور عاطف نے ملی نغمے سنا کر ہم وطنوں کو محظوظ کیا۔ بچوں کےلئے ٹیبلو اور تقریر کا بھی اہتمام تھا۔ آخر میں یوم آزادی کا کیک کاٹا گیا اور پاکستان اوورسیز کمیونٹی کے صدر نوید آفریدی نے مہمان خصوصی کے اعزاز میں شیلڈ پیش کی۔ تمام شرکاء اور اسپانسرز کا شکریہ ادا کیا ۔ ان کی خدمات میں اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔ ضیافت کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا۔

شیئر: