بالی وڈ کے ہیرو رنبیر کپور نے کہا ہے کہ بچپن میں سنجے دت کی فلمیں دیکھ کرسوچتا تھا کہ کاش ”سنجو“ کی طرح ہیرو بن جاﺅں اور آج ”سنجو سر“ کی زندگی پر بننے والی فلم میں کام کرکے بے انتہا خوش ہوں۔ مجھے لگتا ہے میں سنجے دت بننے کیلئے ہی پیدا ہوا ہوں۔بالی وڈ میں ان دنوں سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم کے چرچے ہو رہے ہیں جس میں رنبیر کپور مرکزی کردار نبھارہے ہیں۔ یہ فلم ابتدا ہی سے میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے ۔ اس کی ایک وجہ بہترین کہانی، راجکمار ہیرانی کی ہدایت کاری اور رنبیر کپور کے فلم کیلئے اپنائے گئے مختلف انداز ہیں جنہیں سوشل میڈیا پر بے حد پذیرائی حاصل ہورہی ہے۔ رنبیر کپور نے کہا کہ سنجے دت اکثر فلم کے سیٹ پر آتے ہیں اور مجھے اداکاری کرتے دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں، سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم میں کام کرنے کے بعد مجھے ان کی زندگی کے بارے میں بہت کچھ جاننے کا موقع ملا اور مجھے اندازہ ہوا ہے کہ وہ سب سے بے حد محبت کرتے ہیں۔ رنبیر نے مزید کہا کہ وہ بچپن ہی سے سنجے دت کے بہت بڑے مداح ہیں یہاں تک کہ سنجے دت کے پوسٹرز ان کے کمرے میں لگے ہوئے ہیں ، یہ ان کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں اپنے پسندیدہ اسٹار کی زندگی پر بننے و الی فلم میں کام کرنے کا موقع ملا ۔واضح رہے کہ سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم جس کا نام ابھی تک نہیں رکھا گیا، اگلے سال مارچ میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ فلم میں رنبیرکپور کے علاوہ، منیشاکوئرالہ، سونم کپور، انوشکا شرما، دیا مرزا، پاریش راول اور وکی کوشال اہم کرداروں میں نظر آئیں گے جب کہ اداکارہ تبو بھی فلم میں ایک مختصر کردار میں نظر آئیں گی۔