کوئی ضلع وی آئی پی نہیں، یوگی
سہارنپور۔۔۔۔یوپی کے وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ یوگی نے اعلان کیا کہ کوئی بھی ضلع وی آئی پی نہیں ہوتا۔ حکومت کی نظر میں سبھی 75اضلاع برابر ہیں ۔ ہر ضلع کو بجلی اور زندگی کی دیگر سہولتیں مہیا کرارہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے گزشتہ روز ایک عوامی تقریب میں غریبوں کو مفت بجلی کنکشن کے کاغذات دیئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں ترقی کے کام یکساں طور پر انجام دیئے جائیں گے، کو ئی تفریق نہیں برتی جائیگی۔انہوں نے حکومت کی کارکردگی گنواتے ہوئے کہا کہ 86لاکھ کسانوں کے قرض معاف کرنے کا کام شروع کیا،غریبوں کو بجلی مفت دی گئی۔2019تک 24لاکھ غریبوں کو مفت مکان دینے کا منصوبہ ہے۔وزیر اعلیٰ فنڈ سے ایک لاکھ 20ہزار روپے فی کنبہ دیئے جائیں گے، غریبوں کو راشن کارڈ کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ اترپردیش میں 25راشن کارڈ فرضی پائے گئے ۔کانوڑیوں پر پابندی کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جو لوگ ان کی یاترا پر پابندی کی بات کرتے ہیں وہ اپنی زبان پر پابندی لگائیں۔ اگر کوئی شخص غیر قانونی کان کنی اور سلاٹر ہاؤس چلاتا ہوا پایا جائے گا اس کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔