کیفیات ایکسپریس کوحادثہ ،10بوگیاں پٹری سے اتر گئیں
اوریا۔۔۔۔ابھی مظفر نگر میں اتکل ایکسپریس کے حادثے کو لوگ بھلا نہیں پائے تھے کہ اترپردیش کے اوریا میں علی الصباح کیفیات ایکسپریس ڈمپر سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں انجن سمیت ٹرین کی 10بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ اس حادثے میں 57سے زائد افراد زخمی ہوئے، یہ ٹرین اعظم گڑھ سے دہلی آرہی تھی۔ ٹرین حادثے سے کانپورسے دہلی روٹ کی سبھی ٹرینوں کی آمدورفت بند ہوگئی اور متعدد ٹرینیں منسوخ کردی گئیں۔کانپور اسٹیشن کے انچارج نے بتایا کہ حادثے کی وجہ سے راجدھانی سمیت 40ٹرینوں کو لکھنؤ ، مراد آباد روٹ سے دہلی کیلئے روانہ کیا جارہا ہے۔ وہیں بعض ٹرینوں کو قنوج اور فرخ آباد کے راستے دہلی بھیجا جائے گا۔واضح ہو کہ کانپور سینٹرل سے چلنے والی شتابدی ایکسپریس سمیت 7ڈی ایم یو ٹرینوں کو منسوخ کردیا گیا ہے۔4راجدھانی ایکسپریس کے ساتھ گومتی ایکسپریس کا بھی راستہ بدل دیا گیا ہے ۔ کانپور میں جو ٹرینیں کھڑی ہوئی ہیں انہیں کاس گنج کے راستے روانہ کیاجارہاہے۔وزارت ریلوے کے ترجمان انل کمار سکسینانے بتایاکہ اعظم گڑھ سے دہلی جانیوالی کیفیات ایکسپریس علی الصباح اچھلدا کے پاس ایک ڈمپر سے ٹکراگئی جس سے انجن سمیت 10بوگیاں پٹری سے اتر گئیں ۔انہوں نے کہا کہ ریلوے پٹری پر یہ ڈمپر اس وقت غیر قانونی طریقے سے راستہ پار کررہا تھاجب کیفیات ایکسپریس وہاں سے گزررہی تھی۔ٹرین کو آتا دیکھ کر ڈمپر کا ڈرائیور راستے میں ہی ڈمپر چھوڑ کر بھاگ گیا۔ترجمان نے بتایا کہ کیفیات ایکسپریس کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں جرمن ٹیکنالوجی سے آراستہ ایل ایچ بی کوچ لگے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے بوگیاں ایک دوسرے پر نہیں چڑھ سکیں۔اس کے علاوہ حادثے سے محفوظ رکھنے کے دیگر آلات نصب ہونے کی وجہ سے جانی نقصان نہیں ہوا۔