لاہور ... لاہورہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی عدلیہ مخالف تقاریر نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی۔ پمرا سے 12 ستمبر تک عملد رآمد رپورٹ طلب کرلی۔جسٹس مامون رشید شیخ نے عبوری حکم نامہ جاری کردیا۔ سول سوسائٹی کی رکن آمنہ ملک نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کے توسط سے نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست جمع کرائی تھی۔ دخواست گزارنے موقف اختیار کیا تھا کہ نواز شریف نے جی ٹی روڈ ریلی کے دوران سپریم کورٹ کے ججوںکو تضحیک کا نشانہ بنایا اور اپنی نااہلی کو سازش قرار دیا۔ پانا مہ کیس کے فیصلے کے حوالے سے عدلیہ مخالف تقاریر توہین عدالت کے دائرے میں آتی ہیں۔ عدالت اپنا اختیار استعمال کرتے ہوئے عدلیہ مخالف تقاریر کو میڈیا پر نشر کرنے سے روکنے کا حکم دے۔ ہائی کورٹ نے نواز شریف کے علاوہ وزیراعظم شاہد خاقان ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سمیت 16 اراکین پارلیمنٹ کے عدلیہ مخالف بیانات میڈیا پر نشر کرنے پر پابندی عائد کی ہے۔