نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان سے 10 ہزار مزید عازمین کو حج کی اجازت دے دی ہے۔
اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ وہ اپنے بھائی سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے رواں سال کے لیے پاکستان سے اضافی دس ہزار عازمین حج کی اجازت دی ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ان کا بدھ کو سعودی وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا تھا جس کے بعد خصوصی بنیادوں پر اضافی عازمین کی سہولت دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
-
حج 2025: پاکستان سے حج آپریشن کا آغاز 29 اپریل سے ہوگاNode ID: 888070
-
بنگلہ دیشی عازمین حج کی پہلی پرواز 29 اپریل کو روانہ ہوگیNode ID: 888121
خیال رہے کہ رواں سال 2025 کے لیے پاکستان کا ححج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 مختص کیا گیا تھا جس میں دس ہزار عازمین کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
تاہم اضافی عازمین کی درخواست ان شہریوں کے لیے کی گئی ہے جو حج کی مقررہ آخری تاریخ گزر جانے کے بعد رجسٹریشن نہیں کرا سکے تھے۔
وزیرِ مذہبی امور سردار محمد یوسف کے مطابق تقریباً 90 ہزار عازمین حکومتی سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔
پاکستانی کی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کی کوششوں سے سعودی عرب نے پاکستان کے لیے مزید 10 ہزار حجاج کرام کو حج کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان سے حج آپریشن کا باضابطہ آغاز 29 اپریل سے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے ہوگا، جہاں سے سیرین ایئر کی پہلی حج پرواز روانہ ہوگی۔
29 اپریل کو سیرین ایئر کی ای آر 1611 رات 10 بج کر 15 منٹ پر 285 عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی ملک بھر میں حج کی سرگرمیوں کا آغاز ہو جائے گا۔
اس کے بعد ایئر بلیو کی پرواز نمبر پی اے1766، 30 اپریل کو صبح 3 بج کر 40 منٹ پر 148 عازمین کو لے کر روانہ ہوگی۔
ابتدائی تمام پروازیں مدینہ کے ہوائی اڈے پر اتریں گی، جبکہ 14 مئی کے بعد زیادہ تر پروازیں جدہ کے ہوائی اڈے پر اتریں گی۔ تاہم بعض پروازیں بدستور مدینہ کے لیے بھی جاری رہیں گی۔