لاہور:چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے جنوبی افریقی کپتان فاف ڈو پلیسس کی زیر قیادت پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا۔14 رکنی ورلڈ الیون میں جنوبی افریقہ کے5، آسٹریلیا کے 3، ویسٹ انڈیز کے2جبکہ بنگلہ دیش، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کا ایک، ایک کھلاڑی شامل ہے۔ فاف ڈو پلیسس کی زیر قیادت ورلڈ الیون 11 ستمبر کو پاکستان آمد سے قبل دبئی میں 2 روزہ کیمپ میں شرکت کریگی جس کے بعد 12، 13 اور 15 ستمبر کو بالترتیب 3 ٹی20 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔نجم سیٹھی نے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسس کے ساتھ اسکواڈ میں انگلینڈ کی 2010 ورلڈ ٹی20 جیتنے والی ٹیم کے کپتان پال کولنگ وڈ شامل ہیں جنہوں نے جولائی میں انگلینڈ میں جاری نیٹ ویسٹ ٹی20 بلاسٹ میں 68 گیندوں پر 108 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ اسکواڈ میں2مرتبہ کی ورلڈ ٹی20 چیمپیئن ویسٹ انڈین ٹیم کے کپتان ڈیرن سامی، مشہور جنوبی افریقی بلے باز ہاشم آملہ، بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال موجودہ دور میں محدود اوورز کے بہترین بلے باز تصور کئے جانے والے جنوبی افریقی بلے باز ڈیوڈ ملر کے ساتھ ساتھ نیوزی لینڈ کے ٹی20 اسپیشلسٹ گرانٹ ایلیٹ اور سابق آسٹریلین کپتان جارج بیلی شامل ہیں۔ فاف ڈو پلیسس نے کہا کہ میری نظریں اپنے پہلے دورہ پاکستان پر اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں مدد کرنے پر مرکوز ہیں۔ میں پاکستان کے خلاف چند بہترین میچوں کا حصہ رہا ہوں لیکن پاکستان میں پرجوش شائقین کے سامنے کھیلنا انوکھا تجربہ ہو گا۔ ڈو پلسس نے کہا کہ مجھے اور میری ٹیم کے تمام اراکان کو سیکیورٹی ماہرین کے فیصلے پر مکمل اعتماد ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ اس سیریز میں حصہ لینے والے تمام افراد کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ٹیم کی کوچنگ کے فرائض سابق انگلش کوچ اینڈی فلاور انجام دیں گے۔ ورلڈ الیون کا 14 رکنی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ فاف ڈو پلیسس(کپتان)، ہاشم آملہ، تمیم اقبال، سیمیول بدری، جارج بیلی، پال کولنگ وڈ، بین کٹنگ، گرانٹ ایلیٹ، ڈیوڈ ملر، مورنی مورکل، ٹم پین، تھریسا پریرا، عمران طاہر اور ڈیرن سامی۔ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے بھی ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کیا ہے۔