Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریزروبینک نے 200اور 50روپے کے نئے نوٹ جاری کردیئے

    نئی دہلی-----------ریزروبینک آف انڈیا نے جمعہ کو ملک میں پہلی بار 200روپے کا نیا نوٹ متعارف کرایا ہے حالانکہ اس نئے نوٹ کے اجراء کے بارے میں کہا گیا تھا کہ ہفتہ بھر میں اسے جاری کر دیا جائیگا مگرریزرو بینک نے اس معاملے میں تاخیر نہ کرتے ہوئے 200روپے مالیت کے ساتھ ہی 50 روپے مالیت کا نیا نوٹ بھی جاری کر دیا ہے ۔ گزشتہ سال نوٹ بندش سے پیدا ہونیوالی مشکلات کے پیش نظر ریزرو بینک نے یہ اقدام اٹھایا ہے ۔ 500اور100روپے کے نئے نوٹوں کی ریزگاری نہ ملنے کے باعث صارفین کا فی پریشان تھے مگر اب ریزگاری کا کوئی مسئلہ نہیں رہے گا ۔ ریزروبینک کے ترجمان نے بتایا کہ200روپے کے نئے نوٹ کا نمونہ گزشتہ روز جمعرات کو جاری کر دیا گیا تھا اور اس میں شامل تمام فیچرز کو پوری طرح سے واضح بھی کیا گیا تھا ۔ ریزروبینک نے کہا تھا کہ بڑے نوٹوں کی ریزگاری کیلئے جو پریشانی ہوتی ہے اس لحاظ سے 200روپے کا نوٹ کافی سود مند ثابت ہو گا ۔ 500اور 100روپے کے نوٹ کے درمیان ایسا کوئی چھوٹا نوٹ نہیں تھا جو اس مشکل کو حل کر سکے ۔ مارکیٹ میں 500روپے کے بعد صرف 100روپے کا نوٹ ہی استعمال ہوتا تھا جبکہ 100روپے مالیت کے نوٹوں کی کافی قلت محسوس کی جاتی تھی ۔ یہی وجہ ہے کہ ریزروبینک نے 100روپے کے بعد ریزگاری کا مسئلہ حل کرنے کیلئے 50روپے کے نئے نوٹ بھی جاری کئے ہیں حالانکہ ان دونوں نوٹوں کو سبھی لوگوں تک پہنچنے میں تھوڑا وقت درکار ہے کیونکہ ان نئے نوٹوں کے سائز کے مطابق بینکوں کے اے ٹی ایمز کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہو گی ۔ جیسے جیسے ری سیٹ ہوتے جائیں گے ویسے ویسے 200روپے کے نوٹ ملک کے ہر علاقے میں پہنچنے لگیں گے ۔جمعہ کے دن جب 200روپے کا نوٹ جاری ہوا تو اس سے قبل ملک بھر میں ایک ، 2،5،10،20،50،100،500اور2000روپے کے ہی نوٹ ہوتے تھے ۔ اب دسویں نوٹ کی شکل میں 200روپے کا نوٹ لوگوں کے ہاتھ میں آجائیگا ۔ جمعہ کو جیسے ہی 200روپے کا نیا نوٹ جاری ہوا بینکوں میں ایک بار پھر لوگوں کی قطاریں لگ گئیں تاکہ وہ نئی کرنسی حاصل کر کے ریزگاری کی مشکلات کسی حد تک حل کر سکیں ۔

شیئر: