نیویارک: روسی ٹینس اسٹار اور سابق عالمی چیمپیئن ماریا شارا پووا نے یو ایس اوپن کے پہلے ہی مرحلے میں اپ سیٹ کرتے ہوئے عالمی رینکنگ اور سیڈنگ میں دوسرے نمبر کی کھلاڑی سیمونا ہیلپ کو شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ۔ڈوپنگ کی وجہ سے پابندی کا شکار ہو نے والی شاراپووا ڈیڑھ سال بعد گرینڈ سلام ٹورنامنٹ میں شرکت کررہی ہیں اور انہیں وائلڈ کارڈ کے ذریعے یو ایس اوپن کھیلنے کا موقع ملا ہے۔ ٹینس کورٹ سے دوری کے باعث وہ رینکنگ میں146ویں نمبر پر چلی گئی ہیں۔ انہوں نے غیر معمولی کاکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمونا ہیلپ کو، جو پچھلے ہفتے عالمی نمبر ون بنتے بنتے رہ گئی تھیں،6-4،4-6اور3-6 سے شکست دی۔ میچ دیکھنے کےلئے 23ہزارسے زائد شائقین موجود تھے اور تمام ٹکٹ پہلے ہی فروخت ہو چکے تھے۔شائقین کی اکثریت روسی ٹینس اسٹار کی حامی نظر آئی اور ایک بار پھر ثابت ہو گیا کہ شارا پووا کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئی۔شارو پووا 15ماہ کی پابندی کے بعد اپریل میں انٹرنیشنل ٹینس سرکٹ میں واپس آئی ہیں اور پہلی مرتبہ کوئی میچ مکمل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ دوسری جانب برطانوی کھلاڑی جو آنا کونٹا بھی پہلے ہی راونڈ میں ہار گئی ہیں۔