Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سردار یوسف کی پاکستانی حجاج سے ملاقات ،خدمات پر اظہار اطمنان

زیر علاج 20 حجاج کو خصوصی ٹرانسپورٹ کے ذریعے عرفات لیجایاجائیگا ، ڈائریکٹر جنرل حج 
مکہ مکرمہ ( ارسلان ہاشمی ) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پاکستانی حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لے کر اپنے اطمنان کا اظہار کیا ۔ سردار یوسف کے ہمراہ حج ایڈوائزری کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے ۔ تفصیلات کے مطابق حج 2017 کا آغاز ہو چکا ہے۔ حجاج کرام نے بدھ کو منیٰ میں گزارا اور آج جمعرات کو حج کا رکنِ اعظم وقوف عرفہ کےلئے روانہ ہو جائیں گے ۔ پاکستان حج مشن کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے اردونیوز کو بتایا کہ حجاج کی منیٰ روانگی کا مرحلہ بخیر و خوبی مکمل ہو گیا کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا ۔ پاکستان حج مشن کے اسپتال میں زیر علاج 20 حجاج کرام ہیں جن میں 13 مرد اور 7 خواتین شامل ہیں ۔ بیمار مریض حجاج کو حج مشن کی جانب سے خصوصی ٹرانسپورٹ فراہم کی گئی جن کے ذریعے انہیں منیٰ لیجایا گیا اور آج عرفات لے جایا جائے گا ۔ ڈاکٹر یوسفانی کا کہنا تھا کہ منیٰ روانگی سے قبل وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حج مشن میں موجود حجاج کرام سے ملاقات کی اور ان سے درپیش مسائل پر گفتگو کی ۔ وزیر مذہبی امور نے مکہ مکرمہ میں حجاج کی بیشتر عمارتوں کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے عازمین کو فراہم کی جانے والی خوراک کا بھی جائزہ لیتے ہوئے اسکے معیار کو سراہا ۔ واضح رہے پاکستان حج مشن کی جانب سے عازمین حج کو مرتب پروگرام کے تحت 7 ذوالحجہ کی شب سے منیٰ پہنچانے کا آغاز کر دیا تھا ۔ مرحلہ وار عازمین کو منیٰ پہنچایا گیا جہاں انہوں نے یوم الترویہ (8 ذوالجہ ) کوسار ا دن قیام کیا اورآج صبح وقوف عرفہ کےلئے روانہ ہو ں گے ۔ حجاج کرام کی منیٰ روانگی کے مراحل بخیر و خوبی مکمل ہو گئے ۔ حج مشن کی جانب سے وہ حجا ج کرام جو حج قران اور تمتع کررہے ہیں انہیں قربانی کے کوپن فراہم کردیئے گئے ہیں جن پر انکی جانب سے کی جانے والی قربانی کے وقت کا بھی اندراج ہے ۔ منیٰ میں پاکستانی حج مشن کی جانب سے مرکزی دفتر میں معلومات اور گمشدگی سے متعلق کیمپ قائم کیا گیا ہے جہاں عملہ ہمہ وقت موجود رہتا ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل حج کا کہنا ہے کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت آنے والے تمام حجاج کرام کے بارے میں جملہ تفصیلات کنٹرول روم میں موجود ہیں جبکہ خدام الحجاج کو مشاعر مقدسہ کے نقشے فراہم کر دیئے گئے ہیں تاکہ وہ گمشدہ حجاج کی رہنمائی کر سکیں ۔ 

شیئر: