مکہ مکرمہ.... شاہ فہد کالج برائے امن عامہ کے ڈائریکٹر جنرل سعید الخلیوی نے جاں پر کھیل کر معمر حاجی کو سنگین حادثے سے بچا نے والے زخمی سیکیورٹی اہلکار کی عیادت کی اور اسکے عمل کو سراہا۔ سبق نیوز کے مطابق شاہ فہد کالج برائے امن عامہ کے ایک طالب علم بندر الجہنی حج آپریشن میں شامل تھا ۔ مشاعر مقدسہ میں ڈیوٹی کے دوران اس نے دیکھا کہ ایک معمر حاجی سڑک عبور کر رہا ہے کہ اچانک وہ تیز رفتار بس کے سامنے آگیا جو اسے کچلنے والی تھی کہ سیکیورٹی اہلکار نے اپنی جاں پر کھیل کر معمر حاجی کو بس کے سامنے سے ہٹا کر کنارے پر کر دیا اسی اثناءمیں بس ڈرائیور نے بریک لگانے کی کوشش کی مگرمکمل طور پر روکنے سے قبل سیکیورٹی اہلکار کی ٹانگ پر چڑھ چکی تھی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا ۔ زخمی سیکیورٹی اہلکار کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں اسکا علاج جاری ہے ۔شاہ فہد کالج برائے امن عامہ کے ڈائریکٹر نے سیکیورٹی اہلکار کی عیادت کی اور اسکی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے اس اقدام کو سراہا کہ اس نے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے ایک معمر حاجی کو بچایا ۔