سعودی عرب کی فلسطینی پناہ گزینوں پراسرائیلی جارحیت کی پُرزور مذمت
عالمی برادری اسرائیل کی مسلسل خلاف ورزیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لے (فائل فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب نے فلسطینی مقبوضہ علاقوں پر اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری مذمتی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی قابض فورسز کی جانب سے غزہ میں پناہ گزینوں کے مقامات کو نشانہ بنایا گیا جن میں مدرسہ دارالارقم بھی شامل ہے جہاں معصوم شہریوں نے پناہ حاصل کر رکھی تھی۔
اسرائیلی قابض فورسز کے حملوں میں دسیوں معصوم شہری ہلاک ہوئے۔ وزارت خارجہ نے رفح کے مشرق میں موراج کے علاقے میں سعودی عرب کے ثقافتی مرکزجہاں زخمیوں اور بیماروں کی ضرورت کے لیے طبی اشیا رکھی جاتی ہیں پر اسرائیلی فورسز کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزارتِ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزیوں پر عالمی سطح پر اسرائیل کا سنجیدگی سے محاسبہ نہ کیے جانے کے سبب قابض فورسز کی جانب سے تباہ کن خلاف ورزیوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے علاقائی اور عالمی امن، سلامتی اور استحکام کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے بین الاقوامی برادری اور خاص کر سلامتی کونسل کے رکن ممالک سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسرائیل کی جانب سے جاری خلاف ورزیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیں تاکہ برادر فلسطینی عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔