راولپنڈی ... راولپنڈی میں یوم دفاع پر مرکزی تقریب بدھ کو جی ایچ کیو میں ہوئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر دفاع خرم دستگیر، وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر داخلہ احسن اقبال، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ بھی شریک تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل باجوہ نے کہا کہ امریکہ سے امداد نہیں عزت اور احترام چاہتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اتنی قربانیوں کے باوجود ہم سے ڈو مور کا مطالبہ کیا جا رہا ہے لیکن اب ہمارے نہیں دنیا کے ڈو مور کا وقت ہے۔ عالمی طاقتیں اگر ہاتھ نہیں بٹا سکتیں تو اپنی ناکامی کا ذمہ دار بھی نہ ٹہرائیں۔ اب دشمن کی پسپائی اور ہماری ترقی و کامیابی کا وقت ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد آج وقت کی اہم ضرورت ہے۔دشمن کوئی بھی حربہ آزمائے ہم متحد رہیں گے۔ ہم جانتے ہیں کہ پاکستان کا مطلب کیا ہے۔دین میں واضح حکم ہے کہ جہاد ریاست کی ذ مہ داری اور اسی کا حق ہے۔ بھٹکے ہوئے لوگ جہاد نہیں فساد برپا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فوج دہشتگردوں کو تو ختم کر سکتی ہے لیکن انتہا پسندی پر قابو پانے کے لئے ضروری ہے کہ ہر شہری ردالفساد کا سپاہی ہو۔انہوں نے کہا کہ شہدا کا خون ہم پر قرض ہے۔ جو قومیں شہداءکو بھول جاتی ہیں تاریخ انہیں معاف نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم ناکام ہوئے تو پورا خطے عدم استحکام کا شکار ہوجائے گا۔پاکستان کو امن کا گہووارا بنا نے تک جنگ جاری رہے گی۔ یہ ہماری جنگ ہے اور ہمیں آنے والی نسلوں کے لئے اسے جیتنا ہے۔