معصوم بچوں کی موت پر اعظم خان کا شدید رد عمل
رامپور۔۔۔۔۔سماج وادی پارٹی کے سینیئر رہنما اور سابق کابینہ وزیر محمد اعظم خان نے فرخ آباد میں معصوم بچوں کی ہلاکت پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ’’ بچے پالنے ہیں تو اس کی ذمہ داری ماں باپ پر عائد ہوتی ہے’’ ۔ یہ بات کسی بھی حالت میں درست نہیں ۔ یہ انتہائی توہین آمیز جواب ہے اور یہ جواب صرف وہی شخص دے سکتا ہے جس کے دل میں اولاد کیلئے درد نہ ہو اور جس کے پاس اولاد نہ ہو۔ اعظم خان نے کہا کہ دردمند انسان ہونے کیلئے اولاد والا ہونا ضروری ہے۔ بچوں کی صحت کی ذمہ داری محکمہ صحت اور حکومت کی ہے۔ سماج وادی رہنما اپنی رہائش پر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون کے مطابق صوبائی اور مرکزی حکومتیں پابند ہیں کہ ہر ہندوستانی جو پیدا ہوا ہے اس کی صحت اور تعلیم کی ذمہ داری اٹھائے۔واضح رہے کہ گورکھپور کے بعد فرخ آباد میں بچوں کی اسپتال میں ہلاکت کا واقعہ ہواہے۔سابق کابینہ وزیر نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت فکرمند ہوتی تو گورکھپور سے سبق لیکر اترپردیش کے تمام سرکاری اسپتالوں میں جو خامیاںہیں انہیں دور کرانے کی کوشش کرتی مگر صوبائی حکومت اور محکمہ صحت کے کابینہ وزیر نے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی، یہاں تک کہ فرخ آباد کے اسپتال میں دوسرا سانحہ رونما ہوگیا۔