حلبان کے صحرا میں بھٹک جانے والے خاندان کو بچالیا گیا
’کچھ افراد نے ریڈیئیٹر کا پانی پیا اور کچھ نے بھوک کی شدت سے درختوں کے پتے کھائے‘ ( فوٹو: سبق)
حلبان کے صحرا میں پھنس جانے والے خاندان کو بچالیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مذکورہ خاندان کی گاڑی قیران کے شمال مغرب میں واقع نفوذ قان نامی حلبان کے صحرا میں پھنس گئی تھی۔
رضا کار ٹیم نے کہا ہے کہ ’خاندان کو قیران کے شمال مغرب میں 50 کلومیٹر دورصحرا میں تلاش کرلیا گیا ہے۔
ٹیم نے بتایا کہ ’خاندان کے افراد کے پاس نہ پانی تھا نہ کھانا۔ کچھ افراد نے ریڈیئیٹر کا پانی پیا اور کچھ نے بھوک کی شدت سے درختوں کے پتے کھائے‘۔
پھنس جانے والے خاندان میں شہری، اس کی بیوی اور 5 بچے شامل تھے جو جمعرات کو قیران سے 70 کلو میٹر دور حلبان کے صحرامیں جارہے تھے۔
یہ کچا اور صحرائی راستہ نہ صرف موبائل نیٹ ورک کی کوریج سے محروم ہے بلکہ آس پاس دیہات بھی موجود نہیں۔
جمعرات کی شام جب خاندان کے افراد سے رابطہ منقطع ہوگیا اور ان کے موبائل فونز بند ملے تو اہل خانہ نے فوراً سیکیورٹی اداروں اور رضاکار ٹیموں کو اطلاع دی۔
جمعرات کی شام رضاکار ٹیمیں اور علاقے کے کئی افراد خاندان کی تلاش میں نکلے۔ چونکہ علاقے میں موبائل نیٹ ورک نہیں تھا، اس لیے آپس میں رابطے کے لیے مخصوص چینلز کے ذریعے آئیکوم ڈیوائسز کا استعمال کیا گیا۔