مظفر نگر میں ٹھاکروں اوردلتوں میں جھڑپ، فائرنگ سے15زخمی
مظفر نگر۔۔۔۔۔اتر پردیش میں اعلیٰ ذاتوں کا دلتوں پر تشدد اب ایک عام بات ہو گئی ہے ۔ سہارن پور ضلع میں ہوئے تشدد کے شعلے ابھی تک ٹھنڈے نہیں ہوئے ۔ کوال میں ہوئے فساد کے بعد سرخیوں میں آئے۔ مظفر نگر میں ایک بار پھر دلتوں اور ٹھاکروں کے درمیان تصادم ہوا ۔فائرنگ میں تقریباً 15 افراد زخمی ہو گئے ۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاریوں کے لئے کارروائی کا آغاز کر دیا ہےجس کے سبب متعدد افراد اپنے گھروں کو چھوڑ کر فرار ہو گئے ہیں۔ گاؤں میں اس وقت خاموشی کا عالم ہے۔2 فرقوں میں ہوئے تصادم سے آس پاس کے گاؤں میں بھی کشیدگی کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔دلت طبقہ کی طرف سے 8 لوگوں کے خلاف رپورٹ درج کرائی گئی ہے جس میں گھر پر طمنچے، لاٹھی ،ڈنڈے اور بھالے سے حملہ کرنے، پتھراؤاور فائرنگ کرنے کے ساتھ امبیڈکر کے مجسمہ کو نقصان پہنچانے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ وہیں ٹھاکروں کا الزام ہے کہ ان پر چھیڑ خانی کا جھوٹا الزام لگاتے ہوئے حملہ کیا گیا۔اعلیٰ افسران کی ہدایت پر پولیس نے فسادیوں کی گرفتاری کے لئے مہم چلائی جس کے سبب گاؤں میں ہاہاکار مچ گیا اور لوگ اپنے اپنے گھروں کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ اس وقت پولس اور پی اے سی علاقے میں گشت پر مامور ہے۔