مدینہ منورہ ..... ام فہد نامی ایک سعودی خاتون نے ولیعہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے استغاثہ کیا ہے کہ اسے ان لوگوں سے انصاف دلایا جائے جنہوں نے ناحق اس کا گھر منہدم کر دیا ۔ ام فہد کا کہنا ہے کہ وہ مدینہ منورہ ریجن کے الموارید قریے میں اپنے معذور شوہر کے ساتھ سکونت پذیر ہے ۔ بعض رشتہ داروں کے ساتھ جھگڑا تھا۔ انہوں نے طاقت کے ذریعے گھر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی ۔ مدینہ منورہ گورنریٹ پہنچ کر شکوہ درج کرایا گیا ۔ گورنریٹ نے انصاف دلایا ۔ کمیٹی قائم ہوئی ، معائنہ کیا ، فیصلہ دیا کہ مکان ہماری ملکیت ہے ۔ ام فہد نے مزید بتایا کہ اس کے باوجود رشتہ دار طرح طرح سے پریشان کر کے اسے گھر سے نکالنے کا چکر چلاتے رہے ۔ اسی دوران وہ کسی ضرورت سے جدہ کیلئے نکلی تو اس کی غیر موجودگی میں اس کا گھر منہدم کر دیاگیا ۔ خاتون کا کہنا ہے کہ گھر میں وہ اور اس کا معذور شوہر رہتے ہیں کیونکہ اس کے سارے بیٹے جنوبی علاقے میں رہائش پذیر ہیں ۔