جیمز اینڈرسن 500 وکٹیں لینے والے پہلے برطانوی بولر بن گئے
لندن:فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن لارڈز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے دوسرے دن مجموعی طور پر 500 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے پہلے برطانوی بولر بن گئے۔35 سالہ سوئنگ بولر نے یہ کارنامہ چائے کے وقفے کے تھوڑی دیر بعد ویسٹ انڈین بلے باز کریگ بریتھویٹ کو بولڈ کر کے حاصل کیا۔اینڈرسن دنیا کے چھٹے بولر اور تیسرے فاسٹ بولر ہیں جنھوں نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ اس وقت کھیلنے والے بولروں میں وہ وکٹوں کے لحاظ سے سرِ فہرست ہیں۔سری لنکا کے اسپنر مرلی دھرن 800 وکٹیں لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔ ان کے بعد آسٹریلیا کے لیگ اسپنر شین وارن ہیں جنھوں نے 708 وکٹیں حاصل کی ہیںجبکہ ہند کے لیگ اسپنر انل کمبلے نے 619 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔فاسٹ بولروں میں پہلے نمبر پر آسٹریلیا کے میکگرا ہیں جنھوں نے 563 وکٹیں لے رکھی ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے کورٹنی والش کے حصے میں 519 وکٹیں آئی ہیں۔اینڈرسن نے اپنے کیریئر کا آغاز 2003ءمیں کیا تھا اور اب تک انھوں نے 129 میچ کھیل کر کل 501 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس دوران انھوں نے 23 بار ایک اننگز میں 5یا زائد وکٹیں جبکہ 3 بار میچ میں 10 یا زائد وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ان کی بہترین بولنگ 43 رنز کے عوض 7 وکٹیں ہے۔اینڈرسن خاصے فٹ ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ اگر ان کی فارم برقرار رہی تو وہ میکگرا کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔وہ خود ایک انٹرویو میں کہہ چکے ہیں کہ ایسی کوئی وجہ نہیں ہے کہ میں 40 برس تک نہ کھیل سکوں۔ میں خوش قسمت ہوں کہ میرے جسم پر اتنا بوجھ نہیں پڑتا جتنا دوسرے فاسٹ بولروں کے جسم پر پڑتا ہے تاہم جیمز اینڈرسن اوسط کے اعتبار سے 500 کلب میں شامل دوسرے فاسٹ بولروں سے پیچھے ہیں۔ میکگرا کی اوسط 21.62، والش کی 24.44 ہے ، اینڈرسن کی اوسط 27.61 رنز فی وکٹ ہے۔