سوچا بھی نہیں تھا 500وکٹوں تک پہنچوں گا،جیمز اینڈرسن
لندن:ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کے کامیاب ترین بولر جیمز اینڈرسن نے کہا ہے کہ انہیں توقع نہیں تھی کہ اتنے طویل عرصے تک انگلینڈ کی نمائندگی کروں گا۔500ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے سے صرف3 وکٹ کے فاصلے پر موجود جیمز اینڈرسن نے انگلینڈ کے لئے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 14 سال قبل زمبابوے کے خلاف لارڈز میں کھیلے جانے والے میچ سے کیا تھا اور وہ ایک بار پھر لارڈز میں آج سے ویسٹ انڈیز کے خلاف شروع ہو نے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے ذریعے کیریئر کا بڑا سنگ میل عبور کرتے ہوئے 3وکٹیں لے کر ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے تیسرے سب سے کامیاب بولر بن سکیں گے۔138ٹیسٹ میچ کھیلنے والے جیمز اینڈرسن کا کہنا تھا کہ انہیں یہ محسوس ہو رہا ہے کہ وہ کسی بولنگ کوچ کا سہارا لئے بغیر اپنا کیریئر اختتام کو پہنچانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔گزشتہ 6میچوں میں 30 وکٹیں لیتے ہوئے اینڈرسن نے اپنی فارم اور فٹنس کا بخوبی اظہار کر دیا ہے اور وہ ایشز میں بھی شاندار کاکردگی کے لئے بے تاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سیزن کا آغاز ہوا تو میری وکٹوں کی تعداد 367 تھی اور مجھے خیال بھی نہیں تھا کہ میں 500کا ہدف عبور کرنے میں کامیاب ہو جاوں گا ۔اب مجھے یہ سوچ کر تعجب ہو رہا ہے کہ میرا نام بھی کورٹنی والش اور گلین میگرا جیسے عظیم بولرز کے ساتھ لکھا جائے گا۔