یونیفارم نہ لینے پر 11سالہ طالبہ کے ساتھ حیران کن سلوک
حیدرآباد۔۔۔۔۔۔ اسکول یونیفارم نہ پہننے پر ایک 11سالہ طالبہ کو لڑکوں کے بیت الخلا ء کے سامنے کھڑا کرنے کی غیر انسانی سزا دی گئی۔تلنگانہ کے ضلع سنگاریڈی کے رامچندراپورم کے ایک پرائیویٹ اسکول میں یہ واقعہ پیش آیا۔ اس لڑکی کو 5 منٹ تک یہ سزا دی گئی۔پی ای ٹی ٹیچر نے اس کو یہ سزا دی ۔ اس واقعہ سے خوفزدہ ہوکر لڑکی نے اسکول جانے سے انکار کردیا ۔ انسانی حقوق کمیشن اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے محکمہ نے اس معاملہ کو کافی سنجیدگی سے لیا ہے۔ اس واقعہ کے خلاف طالبہ کے والدین اور رشتہ داروں نے شدید احتجاج کیا اور اسکول کے فرنیچر کو نقصان پہنچایا ۔ انہوں نے پی ای ٹی ٹیچر کے نامناسب رویہ کی مذمت کی اس واقعہ پر فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما راو نے اپنے ٹوئیٹر پیام میں اس واقعہ کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ اسکول انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے لئے اس مسئلہ کو نائب وزیراعلی کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔