اسلام آباد ... پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹراعتزاز احسن نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے پانامہ کیس میں نواز شریف پر نرم ہاتھ رکھا ہے۔ ریفرنس دائر ہونے کے بعداب نواز شریف کو ضمانت کرانا پڑے گی ۔ منگل کو پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں انہو ں نے کہا کہ نواز شریف کو وزارت عظمی سے کرپشن پر نکالا گیا ۔ نواز شریف نے ہر جگہ کہا کہ مجھے کیوں نکالا گیا ؟ نواز شریف بھاگتے بھاگتے ملک سے ہی بھاگ گئے ۔ اب نواز شریف سے سوال کرنا ہو گا کہ آخر ا نہیں پاکستان سے کس نے نکالا اور کس خوف کی بنیاد پر پاکستان سے بھاگے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ اب نواز شریف کو پاکستان میں آنے کے لئے ضمانت کرانا پڑے گی۔ ریفرنس فائل ہو نے کے بعد ضمانت کراناضروری ہے۔ اگر نواز شریف پیپلزپارٹی کا حصہ ہوتے تو گرفتاری ہو چکی ہوتی ۔ وہ جیل کی ہوا کھا رہے ہوتے ۔ ا نہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف پر پانامہ کیس میں ججوں کا فیصلہ بہت نرم ہاتھ تھا ۔دوسری جانب ظفر حجازی پر بھی نیب نے نرم ہاتھ رکھا ہوا ہے حالانکہ ظفر حجازی نے اپنی ذات کے لئے کچھ نہیں کیا ۔اس نے جو کچھ بھی کیا اس سے نواز شریف کی ذات کو فائدہ پہنچا ۔