نشانات کے ماہر سعودی نے ہموطن کے قاتلوں کو گرفتار کرادیا
القویعیہ..... القویعیہ کی پولیس نے پیروں کے نشانات سے واردات کرنے والوں کا پتہ لگانے والے مقامی کھوجی کی مدد سے 50سالہ سعودی کے قاتلوں کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق مقتول عشق بن ذیب القحطانی القویعیہ جیل کا ملازم تھا۔ ہفتہ کے روز لاپتہ ہونے پر اعزہ نے پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کرا دی تھی۔رشتہ دار سوشل میڈیا پر بھی اس کی تلاش کی کوشش میں سرگرداں تھے۔ گاڑی اور اس کی تصویر نیٹ پر ڈال دی تھی۔ آخر میں پولیس نے کھوجی کی خدمات حاصل کیں۔ القحطانی کی گاڑی ایک شاہراہ پر کھڑی نظر آئی۔ کھوجی نے پولیس کو بتایاکہ القحطانی کے قتل میں 3افراد ملوث ہو سکتے ہیں۔ ان کے قدموں کے نشانات سے یہی بات سمجھ میں آ رہی ہے۔ نشانات دیکھتے دیکھتے گاڑی کے قریب واقع ایک استراحہ تک پہنچ گئے۔ وہاں تلاشی کے دوران القحطانی کی لاش ایک تالاب میں پڑی نظر آگئی۔ اس کے سر پر زبردست چوٹ کا نشان صاف نظر آ رہا تھا۔ استراحہ میں موجود کارکن سے پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے اقبال جرم کرتے ہوئے کہا کہ القحطانی کو اس نے اپنے بیٹے اور اپنے ہموطن کی مدد سے ہلاک کر کے تالاب میں پھینک دیا تھا۔ سر پر کلہاڑی سے وار کیا گیا تھا ۔ شبہ سے بچنے کیلئے گاڑی استراحہ سے ہٹا کر شاہراہ پر لیجا کر پارک کر دی گئی تھی۔ سیکیورٹی اہلکار واردات کی تفصیلات او رمحرکات کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔