آزادی کپ: دوسرا میچ ورلڈ الیون کے نام رہا
جمعرات 14 ستمبر 2017 3:00
لاہور: ورلڈ الیون نے تھسارا پریرا کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت آزادی کپ کے دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد7 وکٹ سے شکست دے سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تاریخی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔احمد شہزاد اور فخر زمان نے جارحانہ انداز میں آغاز کرتے ہوئے 41 رنز بنائے لیکن اسی اسکور پر فخر زمان ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوگئے۔اس کے بعد بابر اعظم نے ایک بار پھر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کی سنچری مکمل کرائی تاہم یہاںاحمد شہزاد 43 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔بابر اعظم آج بھی اچھی فارم میں نظر آئے لیکن بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں 45 رنز پربعد ڈیوڈ ملر کو کیچ دے بیٹھے۔عماد وسیم نے 2چوکوں کی مدد سے 15 رنز بنائے جبکہ سرفراز احمد پہلی ہی گیند پرپویلین لوٹ گئے۔شعیب ملک نے 23 گیندوں پر 39 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنا کر ورلڈ الیون کو 175 رنز کا ہدف دیا ۔ورلڈ الیون کی جانب سے تھسارا پریرا اور سیمول بدری نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ورلڈ الیون نے ہدف کا تعاقب کیا تو تمیم اقبال اور ہاشم آملہ نے 47 رنز کا آغاز فراہم کیا ۔ شعیب ملک کے شاندار کیچ پر تمیم کی 23 رنز کی اننگز کا اختتام ہوا۔ورلڈ الیون کو دوسرا نقصان اس وقت پہنچا جب عماد وسیم کی نیچے رہنے والی گیند کو ٹم پین سمجھنے میں ناکام رہے اور پویلین لوٹ گئے۔فاف ڈو پلیسس اور ہاشم آملہ نے 35 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن تیزی سے کھیلنے کی کوشش میں ڈوپلیسس نے محمد نواز کو وکٹ دے دی۔اس موقع پر ورلڈ الیون کی ٹیم مشکل میں نظر آئی لیکن تھسارا پریرا اور ہاشم آملہ نے شاندار شراکت قائم کر کے فتح کی بنیاد مضبوط کر لی۔خصوصاً پریرا کا انداز جارحانہ تھا جنہوں نے 19 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 47 رنز کی اننگز کھیل کر بازی پلٹ دی جبکہ ہاشم آملہ نے 72 رنز بنائے۔سری لنکا سے آئے پریرا کو جارحانہ اننگز اور 2 وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس فتح کے ساتھ ہی ورلڈ الیون اور پاکستان کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی جہاں سیریز کا فیصلہ کن ٹی20 میچ جمعہ کو اسی گراونڈ میں کھیلا جائے گا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ورلڈ الیون کو 20 رنز سے شکست دی تھی۔اس میچ پاکستان نے فہیم اشرف کی جگہ محمد نواز اور کمر کی تکلیف میں مبتلا حسن علی کی جگہ عثمان شنواری کو ٹیم میں شامل کیا ۔ فاف ڈوپلیسس نے ٹیم میں تبدیلی کرتے ہوئے ڈیرن سامی کی جگہ سیمیول بدری اور گرانٹ ایلیٹ کی جگہ پال کالنگ وڈ کو کھلایا ۔