Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قذافی اسٹیڈیم میں زبردست جوش و خروش کرکٹ جیت گئی

لاہور : قذافی اسٹیڈیم میں منگل کو ہونے والے پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان میچ سے کرکٹ جیت گئی جبکہ دہشتگرد ہار گئے۔ اسٹیڈیم میں پہلے میچ کے دوران لوگوں میں زبردست جوش و خرو ش پایا گیا اور انہوں نے ہر اچھے شاٹ پر زبردست داد دیکر کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھائے رکھا۔ ورلڈ الیون کی ٹیم پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کیلئے سخت سیکیورٹی میں قذافی اسٹیڈیم پہنچی۔ کھلاڑیوں نے گراﺅنڈ کا چکر لگایا اور ہاتھ ہلاکر شائقین کو خوش آمدید کہا۔ شائقین کا جوش و جذبہ بھی عروج پر تھا ۔شائقین جوق در جوق میچ دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم پہنچے ہوئے تھے۔ اسٹیڈیم میں خاص طور پر ثقافتی رنگ میں تیار کئے جانے والے رکشے لائے گئے جس میں سوار ہوکر ٹیموں نے اسٹیڈیم کا چکر لگایا۔اس دوران ایک رکشہ خراب بھی ہوگیا۔ ڈرائیور ککس مار کر تھک گیا مگر اسٹارٹ نہ ہوا۔ اس دوران ورلڈ الیون کے ڈیرن سامی نے رکشہ کو دھکا لگایا جس سے وہ اسٹارٹ ہوگیا۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم ، شاہد آفریدی اور مشتاق احمد بھی میچ دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم پہنچے ہوئے تھے۔ شائقین نے اسٹیڈیم میں جانے سے قبل انٹرویو میں کہا کہ ہم کافی عرصے سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا انتظار کررہے تھے۔شیخوپورہ سے آنے والے راﺅ عتیق الرحمن نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ورلڈ الیون کے آنے سے یہ بحال ہوگئی اور اب سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔ملتان سے آنے والے اظہر نے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ اب ملک کے بڑے اسٹیڈیمز میں بھی میچز ہونگے۔ادھر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم بھی دوبارہ پاکستان آنے کو تیار ہے۔پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر دنیا بھر کے کرکٹ ستاروں نے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ آزادی کپ پر آئی سی سی نے پاکستان سے کیا گیا وعدہ پورا کرتے ہوئے 12لاکھ ڈالر ادا کئے۔

شیئر: