لندن .....پالتو جانوروں کے فائدے اور نقصانات نیز انکے رویئے کے بارے میں جاری ہونے والی حالیہ تحقیقی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بلیوں کے اونگھنے کے انداز کو نیند سمجھنا غلط ہوگا کیونکہ یہ بلیاں سوتے وقت بھی ذہنی طور پر جاگتی رہتی ہیں اور قوت شامہ پوری طرح بیدار رہتی ہے۔وہ سوئے سوئے دور پڑی ہوئی چیزوں کی مہک بھی محسوس کرلیتی ہیں اور پھر اگر مہک انکی پسند کی ہوئی تو پہلی فرصت میں اپنی نیند کو جھٹک کر وہاں پہنچتی ہیں اور اسے حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔اس تحقیق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بہت ہی چھوٹی اور بے ضرر نظر آنے والے بلی کے بچے بھی سونگھنے کی قوت کے حوالے سے اپنے بڑوں سے کم نہیں ہوتے۔ حد یہ کہ وہ خاص قسم کی بلیاں بھی جو جیب میں سما جائیں اچھی خاصی قوت شامہ کی حامل ہوتی ہیں۔ اس حوالے سے جو تصاویر جاری ہوئی ہیںوہ اتنی مضحکہ خیز ہیں کہ انکے طفیل بلیوں کی فطرت کو بھی سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے۔ بلیاں پالنے والی خواتین کا کہناہے کہ یہ بلیاں اور انکے بچے اپنے چھپنے کیلئے ایسی جگہوں کا انتخاب کرتے ہیں جہاںذہن نہیں جاتا مگر بار بار کے تجربات سے گھریلو خواتین ان چھپی ہوئی بلیوں کو ڈھونڈنے میں کامیاب رہتی ہیں۔