ویرا ت کوہلی نے ہندوستانی ٹیم کا کوچ نہیں بننے دیا،وریندرسہواگ
نئی دہلی :ہند کے سابق اوپنرویریندر سہواگ کا کہنا ہے ہندوستانی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی میں تعلقات نہ ہونے کے باعث میری جگہ روی شاستری کو کوچ بنایا گیا اور اس کے ذمہ دارٹیم کے موجودہ کپتان ویرات کوہلی ہیں جبکہ انل کمبلے کو جس طرح اس عہدے سے محروم کیا گیا وہ انتہائی افسوسناک ہے۔ سہواگ کا کہنا تھا کہ کبھی کوچ بننے کا نہیں سوچا تھا لیکن کرکٹ بورڈکے قائم مقام سیکریٹری امیتابھ چوہدری اور ایم سری دھرنے مجھے اس بارے میں سوچنے کا مشورہ دیاتھا جس پر میں نے کوچ کے عہدے کے لئے درخواست دی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے امیدوار بننے سے پہلے ویرات کوہلی سے بھی رابطہ کیا تھا اور انہوں نے بھی مجھے درخواست دینے کے لیے کہا تو میں نے درخواست جمع کرانے کا فیصلہ کیا۔ویریندر سہواگ نے کہا کہ میں اس لئے ہندوستانی ٹیم کا کوچ نہیں بن سکا کیونکہ جو لوگ کوچ کا انتخاب کر رہے تھے ان سے میرے تعلقات نہیں تھے۔انہوں نے کہا کہ روی شاستری سے پوچھا تھاکہ وہ ہیڈ کوچ کے عہدے کے لئے درخواست کیوں نہیں دے رہے، جس پر انہوں نے کہا کہ وہ اس غلطی کو نہیں دہرانا چاہتے جو وہ ایک بار پہلے کر چکے ہیں لیکن بعد ازاں شاستری کوہلی کی حمایت سے میدان میں آگئے اور ان کا انتخاب بھی ہو گیا ۔ اگر مجھے پتہ ہوتا کہ روی شاستری بھی درخواست جمع کرائیں گے تو میں کبھی بھی اس عہدے کیلئے امیدوار نہ بنتا۔ سابق اوپنر نے انل کمبلے کے مستعفی ہو نے بارے میں کہا کہ انہیں جس طرح اس اقدام کے لئے مجبور کیا گیا وہ افسوسناک ہے، میرے خیال میں ہندوستانی ٹیم کو کمبلے سے بہتر کوچ کبھی نہیں ملا لیکن ایسے حالات پیدا کئے گئے کہ ان کے لئے یہ عہدہ چھوٹنے کے سوا کوئی راستہ نہیں رہا تھا۔