کولمبیا ....کولمبیا یونیورسٹی کے محققین کا کہناہے کہ سارادن بیٹھے رہنا صحت کیلئے خطرناک نہیں لیکن ضروری ہے کہ ہر آدھے گھنٹے بعد اٹھ کر بھی کچھ کام کرتے رہیں۔ جائزہ رپورٹ کے مطابق بیٹھے رہنے کی طوالت زیادہ اہم نہیں بلکہ یہ بات زیادہ اہمیت کی حامل ہے کہ آپ کرسی پر یا زمین پر کس طرح بیٹھتے ہیں۔ ایسے افراد جو ہر 30منٹ بعد اپنی کرسی سے اٹھ کر ذرا سی چہل قدمی کرلیتے ہیں انہیں موت کا خطرہ کم سے کم رہتا ہے لیکن ایسے لوگ جو مسلسل 60سے90منٹ بیٹھے رہتے ہیں انہیں قبل از وقت موت کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔ ماہرین نے تجویز پیش کی ہے کہ ایسے لوگو ںکو چاہئے کہ وہ کچھ دیر کرسی پر بیٹھنے کے بعد چلتے پھرتے بھی رہیں کیونکہ زیادہ بیٹھے رہنے سے دل کے امراض لاحق ہوسکتے ہیں۔ لوگ دفاتر میں 9سے 10گھنٹے تک کام کرتے ہیں اور زیادہ بیٹھے رہتے ہیں جسکی وجہ سے انہیں دل کے امراض لاحق ہوتے ہیں اور وہ اپنی موت کے قریب ہوجاتے ہیں۔ چلتے پھرتے رہنے سے ایسے لوگ ہمیشہ فعال رہتے ہیں او رانکے دل کی حالت بھی بہتر رہتی ہے۔