خالد لطیف اینٹی کرپشن ٹریبونل میں پیش نہیں ہونگے
لاہور:پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میںسامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے مرکزی کردار خالد لطیف کو آج اس کیس میں سزا سنائے جانے کا امکان ہے لیکن خالد لطیف اور ان کے وکیل نے اینٹی کرپشن ٹریبونل میں پیش نہ ہو نے کا فیصلہ کیا ہے۔ کرکٹر کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے پاس وقت نہیں اور وہ دوسرے شہر میں ہو نے کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکیں گے۔ انہوں نے سپریم کورٹ میں ٹریبونل کے خلاف اپیل بھی دائر کی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا اینٹی کرپشن ٹریبونل خالد لطیف کے خلاف بدھ کو دوپہر ایک بجے فیصلہ سنا سکتا ہے۔ خالد لطیف پر اینٹی کرپشن کوڈ کی 6 شقوں کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔ذرائع نے کہا کہ خالد لطیف پر 10سال تک پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔ رواں سال پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے پہلے ہی میچ میں اسپاٹ فکسنگ کی اطلاعات کے بعد کرکٹ بورڈ نے شرجیل خان اور خالد لطیف سمیت بعض دیگر کھلاڑیوں کو معطل کردیا تھا۔