ملکی ترقی اور استحکام کےلئے ملکر کام کرنا ہو گا ،پرنسپل عدنان ناصر کا خطاب ، دستاویزی فلم اور ٹاک شو کا انعقاد
جدہ (ارسلان ہاشمی) یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے پاکستان انٹرنیشنل اسکول، انگلش سیکشن میں منعقد ہ تقریب میں شہداءوطن کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ تقریب میں پاک فوج کے افسران اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے خصوصی شرکت کی ۔طلبہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ بعد ازاں پاکستان کا قومی ترانہ بجایاگیا۔ پرنسپل عدنان ناصر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ان فرزندان وطن کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے قوم کے مستقبل کےلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ان شہدا ءکو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے اس مٹی کو اپنے خون سے سینچا، ان والدین کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے اپنے بڑھاپے کے سہارے وطن عزیز پرقربان کر دئیے۔ ہمیں انفرادی حیثیت سے بھی وطن عزیز کی خدمت کا مصمم عزم کرنا چاہئے ۔ہر ایک کو سوچنا چاہئے کہ وہ اپنے ملک کی ترقی،خوشحالی نیز اسے دنیا کا طاقتور ملک بنانے کے لئے کیاکردار ادا کر سکتا ہے۔ ہمیں چاہئے کہ اپنے منصب کی تمام ذمہ داریاںایمانداری سے نبھائیں ۔ یاد رکھئے کہ آپ وہ خوش قسمت معماران مستقبل ہیںجو وطن عزیز کی خدمت کے لئے چنے گئے ہیں۔ملکی ترقی اور استحکام کی جد و جہد میں آپ کی شرکت قوم کو اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کی عملی مثال بنانے میںاہم کردار ادا کرے گی۔ تقریب میں یوم شہدائے پاکستان کے حوالے سے دستا ویزی فلم اور ایک ” ٹاک شو“ کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں مختلف کرداروں نے حصہ لیا ۔ ان میںپاکستانی مسلح افواج کے نمائندوں کے علاوہ شاعر، گلوکار اور عام شہری بھی شامل تھے ۔ انھوں نے اپنے تجربات سے لوگوں کو آگاہ کیا اور پاک وطن کی سر بلندی کے لیے اپنی جدو جہد کے حوالے سے اثر انگیر گفتگو کی۔ تقریب کے آخر میں ” انٹرنیشنل کینگرو میتھ کمپیٹیشن“ میں پورے سعودی عرب میں اوّل ،دوم اور سوم پوزیشن حاصل کر نے والے طلبہ کو سونے ،چاندی اور کانسی کے تمغوں سے نوازا گیا۔یہ اعزاز حاصل کرنے والوں میں، محمد اعتزاز، معاذ سلیم، عبید رفیق، محمد خالد اقبال، محمد رمیز، زروہ آفتاب، و ردہ شہزادی، محمد قاسم نور اور محمد ہارون علی شامل تھے۔