تارکین کے مسائل کو وزیر خارجہ سشما سوراج حتی المقدور حل کرنے کی ہدیات دیتی ہیں،شوکت خان
جدہ( امین انصاری ) بی جے پی اقلیتی مورچہ حیدرآباد کی جانب سے ریاستی بی جے پی آفس پر اوورسیز این آر آئی کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا ، دیانت علی خان صدر سٹی بی جے پی اقلیتی مورچہ نے صدارت کی جبکہ جی کشن ریڈی رکن اسمبلی فلور لیڈر بی جے پی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ افسر پاشاہ ریاستی صدر بی جے پی اقلیتی مورچہ اور حنیف علی رکن عامل ریاستی بی جے پی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ اس اجلاس میں سعودی عرب میں قائم "سامنوایا گروپ " کے صدر محمد شوکت خان کوآرڈینٹر اور سینیئر بی جے پی اقلتی مورچہ اور عائشہ ناز مہدی ریاستی کوآرڈی نیٹر بی جے پی یو اے ای ، عمان دوحہ قطر و کویت خصوصی مدعو تھے ۔یہ دونوں شخصیات گلف ممالک میں مقیم ہندوستانی کمیونٹی کو ہونے والے درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنی اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔سعودی عرب میں قائم تنظیم سامنوایا گروپ کے صدر محمد شوکت خان ہیں جنہو ں نے مرکزی حکومت کی ایماءپر تارکین کو ہونےوالے مسائل کانفرنس کے سامنے رکھا اور تفصیلات سے آگہی دی۔ شوکت خان نے کہا کہ گلف میں مقیم ہندوستانی تارکین وطن کے مسائل کو وزیر خارجہ سشما سوراج حتی المقدور حل کرنے کی بھرپور ہدیات دیتی رہتی ہیں ۔ ہم جب بھی گلف سے اپنی پریشانیوں کو ان کے سامنے رکھتے ہیں تو وہ یکسوئی کے ساتھ سماعت کرتی ہیں اور ہماری پریشانیوں کی مساعی کی کوشش کرتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں جی کشن ریڈی ہمارے مسائل کی یکسوئی کیلئے فوری طور پر مرکزی وزیر امور خارجہ سے رابطہ کرتے ہیں اور بھرپور نمائندگی سے ہمارے مسائل حل کرواتے ہیں ۔ جی کشن ریڈی، ایم ال اے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے لوگ جو بیرون ملک مقیم ہیں ان کی داد رسی ہمارا فرض ہے ہم ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر وقت دستیاب رہینگے ۔ کانفرنس میں عائشہ ناز مہدی کو تہنیت پیش کی گئی ۔ محترمہ ذبیہا کانچ والا کے شکریہ پر کانفرنس کا اختتام عمل میں آیا ۔