Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ون ڈے سیریز:ہند نے آسٹریلیا کو 50رنز سے ہرادیا

کولکتہ:ہنداور آسٹریلیا کے درمیان 5ون ڈے میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں ہندنے بولرز کی عمدہ کارکردگی اور کلدیپ یادو کی ہیٹ ٹرک کی بدولت 50رنز سے فتح سمیٹ کر 0-2کی برتری حاصل کرلی۔ہند نے 252رنز بنائے۔ مہمان ٹیم چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرنے والے مارک اسٹوئنز کی سخت مزاحمت کے باوجود202رنز پر آوٹ ہو گئی۔ اسٹوئنزآخر تک ڈٹے رہے لیکن کوئی اور بیٹسمین ان کا ساتھ نہیں دے سکا ۔ وہ 62رنز پر ناٹ آوٹ رہے، 92رنز کی اننگز کھیلنے والے ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔آسٹریلوی بولرز کی بہتر کارکردگی سے ہندوستانی ٹیم زیادہ بڑا ہدف نہیں دے پائی۔ ہند کی پہلی وکٹ 19 رنزر پر گری جب روہت شرما 7رنز بنا کر ناتھن کولٹر نائل کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ اجنکیا رہانے اور کپتان ویرات کوہلی کے درمیان دوسری وکٹ کی شراکت میں 102رنز کا اضافہ ہوااور 121رنز پر دوسری وکٹ گری جب رہانے نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 55 پر رن آوٹ ہو گئے۔ان کے بعد آنے والے منیش پانڈے صرف3رنز بنا سکے تاہم کیدار جادھو نے کچھ دیر کوہلی کا ساتھ دیا اور24رنز بنائے۔ ان کے بعد کپتان کوہلی 92رنز پر بولڈ ہو گئے۔ انہوں نے 107گیندیں کھیلیں اور8چوکے لگائے۔سابق کپتان مہند ر سنگھ دھونی5رنز پر کیچ ہو گئے۔ ہردک پانڈیا اور بھنیشور کمار نے کچھ مزاحمت اور 20-20رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ جسپریت بمرا 10رنز پر ناٹ آوٹ رہے۔ناتھن کولٹر نائل اور کین رچرڈ سن نے 3-3وکٹیں لیں۔ہندوستانی بولرز نے نسبتاًچھوٹے ہدف کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے آسٹریلیا کو202رنز تک محدود رکھا۔مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن ناکامی کا شکار رہی ۔ کپتان اسٹیون اسمتھ، چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرنے والے مارکس اسٹوئنز اورٹریوس ہیڈ کے سوا کوئی بیٹسمین وکٹ پر زیادہ قیام نہ کرسکا۔ اسمتھ نے 59، اسٹوئنز نے ناقابل شکست 62اور ٹریوس نے39رنزاسکور کئے ۔ آسٹریلیا کے 7بیٹسمینوں کو ڈبل فگر میں پہنچنے کا موقع نہ مل سکا۔ کلدیپ یادو کی ہیٹ ٹرک کی بدولت آخری5وکٹیں اسکور میں صرف10 رنز کا اضافہ کرسکیں اور پوری ٹیم 44ویں اوور میں 202رنز پر آوٹ ہو گئی۔کلدیپ یادو اور بھونیشور کمار نے 3-3جبکہ ہردک پانڈیا اور یزویندر چاہل نے2-2وکٹیں لیں۔

شیئر: