چائلڈ پروٹیکشن کی سپریم کورٹ میں درخواست دائر
کولکتہ۔۔۔۔۔روہنگیا مسلمانوں کی ملک بدری پر مرکزی حکومت کے موقف کی سخت مخالفت کرنے کے بعد مغربی بنگال کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹ نے روہنگیا ئی بچوں کی ملک بدری کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ کمیشن نے روہنگیا ئی بچوں کو پڑوسی ملک بھیجنے کے فیصلے کو غیر اخلاقی اور غیر انسانی قراردیتے ہوئے بچوں کو ملک بدرکرنے سے انکار کردیا تھا ۔ کمیشن کی چیئر پرسن انیتا چکرورتی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ روہنگیائی بچوں کی ملک بدری کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بچوں کو واپس بھیجنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔روہنگیائی شہریوں کی شناخت اور انہیں واپس بھیجنے کے مرکزی حکومت کے نوٹیفکیشن کی مخالفت کرتے ہوئے کمیشن نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ موجود ہ صورتحال میں روہنگیا ئی بچے اور ان کی مائیں جو ریاست کے مختلف شیلٹر ہومز اور جیلوں میں ہیں،کو واپس بھیجنے کا مطلب یہ ہے کہ انہیں موت کے کنویں میں پھینک دیا جائے۔