Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیز تیراکی کیلئے جیٹ پیک تیار

سان فرانسسکو   ....... 2دوستوں نے بڑی محنت اور کد وکاوش کے بعد تیراکی کا شوق رکھنے والے لوگوں کیلئے مدد گار قسم کا جیٹ پیک تیار کرلیا ہے۔ جسے آئرن مین کا نام دیا گیا ہے۔ اسے بنانے والے دونوں دوست ریان اور مائیک  الیکٹریکل انجینیئر ہیں۔ انہوں نے جو جیٹ پیک تیار کیا ہے وہ بطور خاص ان لوگوں کیلئے مفید ہے جو زیرآب تیراکی یا غوطہ خوری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اس جیٹ پیک کا آزمائشی تجربہ سانس فرانسسکو کی برکلے جھیل میں کیا جاچکا ہے اور اس جیٹ پیک کے سہارے دونوں نے اچھی خاصی رفتار میں جھیل کے کنارے تیراکی کی۔ دونوں انجینیئر دوستوں کا کہناہے کہ یہ جیٹ پیک اتنا مضبوط ہے کہ اسے آئرن مین کا نام دینا مناسب لگتا ہے۔ اسکی زیر آب رفتار 10کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔ جیٹ پیک میں 4 موٹر لگی ہوئی ہیں۔ جن میں سے دو موٹریں دونوں بازوئوں میں لگتی ہیں جبکہ بقیہ دو موٹرز دونوں ٹانگوں میں لگائی جاتی ہیں۔ اسے بنانے والوں  نے یہاں تک دعویٰ کیا ہے کہ عام اور اناڑی آدمی بھی اسے استعمال کرتے ہوئے زیر آب تیراکی کرنا چاہے تو وہ دنیا کے سب سے تیز رفتار تیراک اور گولڈ میڈلسٹ مائیکل فلپس کا ریکارڈ توڑسکتا ہے۔ دونوں دوستوں کا کہنا تھا کہ ہم لوگوں نے مذاق ہی مذاق میں ایک ایسے منصوبے کے بارے میں بات کی اور پھر منصوبے کے  کامیاب ہونے کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لینے کے بعد اسکی تیاری شروع کردی تھی۔ دونوں کا کہناہے کہ انہوں نے دنیا کے سب سے بڑے انجینیئر تسلیم کئے جانے والے رابرٹ ڈونی جونیئر کی کامیابیوں اور کوششوں کا سہارا لیتے ہوئے  یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ اگر وہ ایسا لباس تیار کرسکتے ہیں جس کی مدد سے انسان فضا میں اڑتا پھرے تو ہم لوگ بھی کوشش کرکے پانی کے اندر تیراکی کرسکتے ہیں۔ واضح ہو کہ سردست بازار میں اسی قسم کی دیگر چیزیں دستیاب  ہیں مگر انکی طاقت اور کارکردگی اتنی زیادہ  اچھی نہیں۔

شیئر: