مکہ ریجن میں سب سے زیادہ بارش، عید تک سلسلہ جاری رہنے کا امکان
بیشتر علاقے اتوار تک بارش اور گرد آلود تیز ہواؤں سے متاثر رہیں گے۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے ماہر عقیل العقیل کا کہنا ہے مملکت کے بعض علاقوں میں عید الفطر تک بارش کا امکان ہے۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مکہ مکرمہ کے علاوہ مملکت کے وسطی اور مشرقی پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا۔
قومی مرکز نے خبردار کیا کہ مملکت کے بیشتر علاقے اتوار تک بارش اور گرد آلود تیز ہواؤں سے متاثر رہیں گے۔ مدینہ منورہ، تبوک، الجوف اور شمالی حدود ریجن میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔
محکمہ شہری دفاع نے لوگوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے پر زور دیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور مقامی حکام کے تعاون سے ایس ایم ایس کے ذریعے آگاہی مہم بھی شروع کی ہے۔
ریاض ریجن کے درعیہ، المزاحمیہ، الخرج، الدلم، الحریق اور حوطہ بنی تمیم میں سنیچر تک معتدل سے شدید بارش متوقع ہے۔
علاوہ ازیں موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے جمعرات سے اب تک سب سے زیادہ بارش مکہ ریجن میں ریکارڈ کی گئی۔
طائف گورنریٹ کے السرار میں 64 ملی میٹر، طائف کے علاقے الھدا میں 42.8 ملی میٹر، الجموم میں 40.4 ملی میٹر، الشفا میں 27.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
جدہ کے علاقے الجامعہ میں 24.8 ملی میٹر اورکنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ کے اطراف 24.0 ملی میٹر بارش ہوئی۔
وزارت ماحولیات کے 129 ہائیڈرولوجیکل اور کلائمیٹ مانیٹرنگ سٹیشنز نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بارش کی مقدار ریکارڈ کی ہے۔
عسیر میں 29.4 ملی میٹر، بیشہ میں 19.56 ملی میٹر، جازان ریجن کے الدایر میں 23.7 ملی میٹر، بیش میں 2.79 ملی میٹر، النماص میں 18.1 ملی میٹر، سراۃ عبیدہ میں 18 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
الباحہ میں 11.8 ملی میٹر، الشرقیہ میں 6.0 ملی میٹر، ریاض میں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرورٹ پر 2.9 ملی میٹر بارش ہوئی۔
نجران کے حبونا علاقے میں 4.2 ملی میٹر، بدر الجنوب میں 2.7 ملی میٹر، حائل میں 3.0 ملی میٹر، الجوف میں 1.4 ملی میٹر اور بریدہ القصیم میں 2.4 میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
