اسلام آباد... تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ کردیا ۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لئے نیا مینڈیٹ لینا ہوگا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی اپنی کوئی حیثیت نہیں، وہ آج بھی نواز شریف کو وزیراعظم مانتے ہیں۔ اپنا مینڈیٹ تسلیم کروانے کیلئے عوام کے پاس جائیں۔ خدشہ ہے کہ شاہد خاقان اسی طرح شریف خاندان کو تحفظ دیں گے جس طرح پہلے سارے ادارے ا نہیں تحفظ دے رہے تھے ۔ اتوار کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لئے شفاف الیکشن کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں۔الیکشن کمیشن میں میرا وکیل پیش ہو رہا ہے۔یہ ایک ایڈمنسٹریشن ادارہ ہے، اسے اختیار نہیں کہ توہین کا نوٹس دے۔ ہائیکورٹ نے توہین عدالت معا ملے پربلایاتوپیش ہوجاوں گا ۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں تھریسامے نے ڈیوڈ کیمرون کے بعد نئے انتخابات کرائے کیونکہ جمہوری ممالک میں ایسے طریقے اپنائے جاتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ملک کے معاشی حالات تشویش ناک ہیں۔ جتنا قرضہ اس حکومت نے لیا ہے اس کی تاریخ نہیں ملتی۔ ملک میں آمدنی ہورہی ہے نہ ٹیکس اکٹھاہورہا ہے۔ اشتہاروں میں خوشحالی بھی آرہی تھی لیکن اب پتہ چلا ہے کہ تاریخی قرضے لئے گئے اور قرضے بڑ ھتے ہیںقرضے ادا کرنے کے لیے قرضے لئے جارہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ دنیا کی سب سے مہنگی بجلی پاکستان میں بن رہی ہے۔انتخابی اصلاحاتی بل 2017 کی سینیٹ سے منظوری پر تنقید کرتے ہوئے انہوں کہا کہ ایک نااہل شخص سیاسی جماعت کا سربراہ کیسے ہوسکتا ہے۔ دنیا میں مذاق اڑ رہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ نواز شریف اور اسحق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔