پاک ،سعودی تعلقات کیخلاف افواہوں کی مزاحمت کیجائے، محمود لطیف
مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام یوم وطنی کی تقریب ، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی کا خطاب
ریاض(جاوید اقبال) سفارتخانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کو عوام الناس تک خبر پہنچانے کے دوران محتاط رویہ اختیار کرنا چاہیئے کیونکہ ان کی ذرا سی لاپروائی صورتحال پر منفی اثر ڈال سکتی ہے۔ وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ریاض کے زیر اہتمام مملکت کے یوم الوطنی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق کی نیابت کرتے ہوئے مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر دیگر سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں اور عمائدین شہر کی بڑی تعداد موجود تھی۔ محمود لطیف نے کہا کہ مملکت میں مقیم تارکین کے رویئے ان کے مستقبل کا تعین کرتے ہیں اسلئے اس بات کو ہمیشہ مدنظر رکھا جائے کہ خبر یا گفتگو غلط فہمیوں اور مسائل کا سبب نہ بنے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بعض اوقات سوشل میڈیا پر خبر بغیر تحقیق کے چلا دی جاتی ہے ہونا یہ چاہیئے کہ میزبان ملک کے دستور اور قوانین کی پابندی کرتے ہوئے ایسا اقدام کیا جائے۔ انہوں نے چند برس قبل سعودی حکومت کی نطاقات مہم کے دوران پا کستانی سوشل میڈیا پر چلنے والی ایسی خبروں کی طرف اشارہ کیا جو مسائل کا سبب بنی تھیں۔ انہوں نے زور دیا کہ وہ کسی کو بھی ایسی افواہیں پھیلانے کی اجازت نہ دیں جو پاک سعودی تعلقات پر منفی اثر مرتب کریں۔ انہوں نے اپنی ، سفیر پاکستان اور سفارتخانے کے اہلکاروں کی طرف سے خادم حرمین شریفین ، ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی شہریوں کو قومی دن پر مبارکباد دی۔ قبل ازیں پی ایم ایل (ن) کے محمود مغل، پی پی پی ریاض کے محمد خالد رانا، پی ایم ایل یوتھ کے راجہ یعقوب خان، پاک میڈیا فورم کے محمد الیاس رحیم، جمعیت علمائے اسلام ریاض کے ہمایوں محسود، پاکستان ڈاکٹرز گروپ، ریاض کے ڈاکٹر تنویر عزیز، بزم ریاض کے سید فیاض گیلانی، مجلس پاکستان کے حافظ عبدالوحید، پی ایم ایل (ن) ریاض کے چوہدری عبدالمجید گجر اور میڈیا فورم جدہ کے چوہدری رضوان نے اپنے خطاب میں پاک سعودی تعلقات کو مثالی قرار دیا۔ حافظ محمود حسن نے تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا آغاز کیا۔ حافظ محمد عرفان نے نعت رسول مقبول پڑھی۔ بچوں نے سعودی اور پاکستانی قومی ترانے پڑھے۔ رانا خالد اکرم نے تقریب کی صدارت کی ۔ مملکت کے قومی دن کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔