ہندوستانی معیشت کی شرح نمو سب سے تیز ، راج ناتھ سنگھ
جمعرات 28 ستمبر 2017 3:00
نئی دہلی۔۔۔۔ہندوستانی معیشت سے متعلق سینیئر بی جے پی رہنما اور سابق وزیر خزانہ یشونت سنہا کے اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہ ہندوستانی معیشت سخت بحران کا شکار ہے ، مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اس ناقدانہ مشاہدے کے برعکس ہندوستانی معیشت نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ عالمی سطح پر اس کا وقار بلند ہوا۔وزیر داخلہ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی معیشت آج کی سب سے تیز ترقی کرنے والی معیشت ہے، اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔پوری دنیا تسلیم کرتی ہے کہ ہندوستان نے تیزی سے ترقی کرنیوالی معیشت کی صف اول میں شامل ہوکراپنا وقار قائم کیا۔واضح رہے کہ یشونت سنہا نے اپنے ایک مضمون میں دعویٰ کیا کہ ہندوستانی معیشت کو سخت بحران کا سامنا ہے اور پچھلے 3برسوں میں غیر سرکاری سرمایہ کاری میں اتنی کمی گزشتہ 2دہائیوں میں نہیں دیکھی گئی۔ سنہا نے دعویٰ کیا کہ صنعتی پیداوار ٹھپ ہوکر رہ گئی ، زراعت کو بحران کا سامنا ہے اور تعمیراتی صنعت بھی متاثر ہے۔