ڈاکٹر عاطف محمد حسین چوہدری کے زیر نگرانی مفت طبی خدمات دی جائیں گی
ریاض(جاوید اقبال) تحریک انصاف ریاض اور سینٹرل ریجن کے منتخب نمائندوں کے ایک اجلاس میں ریاض میں مقیم پاکبانوں کو بلامعاوضہ طبی خدمات فراہم کرنے کیلئے انصاف ڈاکٹرز فورم کا قیام عمل میں لایاگیا۔ اجتماع میں تحریک انصاف سنٹرل ریجن کے صدر عبدالقیوم خان، صدر پنجاب ونگ شبریز اختر اور دیگر عہدیداران شریک ہوئے۔ بعدازاں عبدالقیوم خان نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ سنٹرل ریجن ریاض میں اس وقت کم ازکم 5 لاکھ پاکستانی رہائش پذیر ہیں جن کی اکثریت تعمیری شعبے سے وابستہ ہے۔ ضرورت کے وقت ان حاجتمند ہموطنوں کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے انصاف ڈاکٹرز فورم کا قیام عمل میں لایاگیا ہے۔ فورم کے صدر ڈاکٹر عاطف محمد حسین چوہدری نے فورم کے ڈھانچے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نائب صدر ڈاکٹر عمر خان ، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر جاسم عبدالشکور خان اور انفارمیشن سیکریٹری ڈاکٹر نوید قریشی ہوں گے۔ فورم کے اہداف کی وضاحت کرتے ہوئے ڈاکٹر عاطف نے کہاکہ اس کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ منعقد کئے جائیں گے جن میں مریضوں کے بلامعاوضہ طبی معائنہ کے علاوہ انہیں مفت دوائیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ ایک سوال پر انہوں نے واضح کیا کہ وہ پاکستان ڈاکٹرز گروپ ریاض اور سفارتخانہ پاکستان کو بھی ہر طرح کا تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار رہیں گے۔