سوچھتا کا ڈھول پیٹنے کے بجائے ذہن کی صفائی پرتوجہ دی جائے، اکھلیش
لکھنؤ۔۔۔۔۔مہاتما گاندھی اور سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کے یوم پیدائش کے موقع پر سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گاندھی جی عدم تشدد کے حامی اور انسانیت کے علمبردار تھے ،لال بہادرشاستری نے ’’جے جوان جے کسان‘‘کا نعرہ دیا تھا۔ اکھلیش یاد و نے کہا کہ بعض قوتیں ملک میں نفرت پھیلانے میں لگی ہوئی ہیں۔ملک میں آباد تمام مذاہب کے لوگوں نے آزادی میں حصہ لیا۔ سب کو ساتھ لئے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سوچھتا (صفائی ) کا ڈھول پیٹنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ ہمیں ذہن کی صفائی پر بھی توجہ دینا چاہئے۔ دل کے زہر اور گندگی کو نکالنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نفرت کے بیج بورہی ہے اور نفرت کی فصل کاٹنا چاہتی ہے، ہمیں اس سے ہوشیار رہنا چاہئے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ اقلیتیں خوفزدہ ہیں۔ قانون کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔ ریاست کے ایک درجن سے زائد اضلاع میں فرقہ وارات کشیدگی، آتشزنی ، توڑپھوڑ کے واقعات پیش آئے ہیں۔