Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خوشی کو مستقبل میں نہیں حال میں تلاش کریں

کیا آپ نے کبھی سوچا کہ جو لوگ زیادہ خوش اور مطمئن رہتے ہیں وہ ان لوگوں سے بہتر کیوں ہیں جو ہر وقت کوئی نہ کوئی غم دل میں لیے بیٹھے رہتے ہیں ۔
 برطانوی ڈاکٹر اینڈی کوپ کے مطابق جو لوگ زیادہ خوش رہتے ہیں ان میں سے اکثر کا ماننا یہ ہے کہ خوشی کہیں ڈھونڈی نہیں جا سکتی بلکہ یہ ہر وقت ہمارے سامنے ہوتی ہے۔
اینڈی کوپ کا کہنا ہے '' میرا ماننا یہ ہے کہ ہمیں بچپن سے خوشی کا غلط تصور سمجھایا جاتا ہے . ہمیں بتایا جاتا ہے کہ خوشی زبردست چیز ہے، اسے زیادہ سے زیادہ حاصل کرو ، لیکن یہ ہمارے پاس نہیں اسے ڈھونڈنا پڑتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ جب کالج جاو¿ گے تو خوشی ملے گی ، تعلیم مکمل ہو جائے گی تو خوشی ملے گی ، شادی ہو جائے گی تو خوشی ملے گی ، اپنا گھر خرید کر خوشی ملے گی ، ریٹائر ہو کر خوشی ملے گی۔ گویا خوشی ہمیشہ مستقبل میں کہیں موجود رہتی ہے اوراس طرح آپ کبھی بھی اسے ڈھونڈ نہیں پاتے کیونکہ آپ کو خوشی کا درست پتہ ہی معلوم نہیں ہو پاتا ۔
 
تلاش کی ان بھول بھلیوں سے باہر نکلنے کا راستہ یہ ہے کہ خوشی کو موجودہ لمحے میں محسوس کرنے کی کوشش کی جائے ۔بہت سے لوگ خوشی کو اس لیے تلاش نہیں کر پاتے کیونکہ وہ اسے غلط جگہ پر ڈھونڈ رہے ہوتے ہیں۔
 
اس حوالے سے کی گئی ایک تحقیق کے مطابق خوشی کا احساس ہماری تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ کرتا ہے ، صحت کو بہتر کرتا ہے اور پرسکون اور طویل زندگی کا ضامن بھی ہے۔ ایک فرد اپنی مثبت سوچ ، خوشگوار رویئے اور بھر پور مسکراہٹ سے اپنے ارد گرد کے افراد کو بھی خوش رکھ سکتا ہے لہذا منفی سوچ ، بیزاری اور غصہ کو اپنی زندگی سے نکال کر مثبت سوچ ، محبت اور اچھے رویوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں ۔ماضی اور مستقبل میں الجھے رہنے کی بجائے حال میں جئیں اور کسی بڑی خوشی کے انتظار میں چھوٹے چھوٹے حسین لمحوں کو نظر انداز نہ کریں۔
 
 

شیئر: