ریاض.... وزارت تعلیم کے ترجمان مبارک العصیمی نے بتایا ہے کہ ویمنز یونیورسٹیز میں عام اور اسمارٹ فون لیجائے جا سکتے ہیں۔ کوئی پابندی نہیں۔ انہوں نے ٹوئٹر کے اپنے اکاﺅنٹ پر اس حوالے سے کئے جانیوالے سوالات کا جواب دیتے ہوئے تحریر کیا کہ کوئی بھی شخص ویمنز یونیورسٹیز میں عام اور اسمارٹ فون لیجانے اور استعمال کرنے سے روکنے کا مجاز نہیں۔ جامعات کے ذمہ داران کو اس سلسلے میں وزیر تعلیم کی ہدایت نافذ کرنا ہو گی۔ واضح رہے کہ اب تک ویمنز یونیورسٹیوں کی انتظامیہ طالبات کو عام اور اسمارٹ فون کے استعمال پر پابندی لگائے ہوئے تھی۔