ریاض.... ایک ہندوستانی لڑکی نے سعودی عرب میں گھریلو ملازمت کرنے والی اپنی ماں کی مدد کی اپیل حکومت ہند سے کر دی۔ ہندوستان ٹائمز نے اس لڑکی کی اپیل خبر اور ویڈیو کلپ کی صورت میں ویب سائٹ پر جاری کی ہے۔ 17سالہ لڑکی نے ہندوستانی دفتر خارجہ سے درخواست کی ہے کہ وہ اس کی ماں کو وطن واپس لانے میں تعاون کرے۔ اس نے دعویٰ کیا کہ اس کی ماں 40ہزار ہندوستانی روپے تنخواہ پر سعودی عرب گئی ہوئی ہے تاہم کفیل اسے قید کئے ہوئے ہے اور اس کا پاسپورٹ اپنے قبضے میں کئے ہوئے ہے۔ماں کی عمر 39برس ہے۔ لڑکی کا کہنا ہے کہ اس کی ماں 13جولائی2017ءکو مملکت پہنچی تھی۔ 21اگست کو رابطہ کرنے پر ماں نے بتایا کہ سعودی کفیل اسے قید کئے ہوئے ہے۔ لڑکی کا کہنا ہے کہ ہم غریب لوگ ہیں اور ماں ہی پورے گھر کا خرچ چلا رہی ہے۔ سعودی ذرائع سے ابھی تک اس دعوے کی نہ تصدیق ہوئی ہے اور نہ تردید۔