Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان روس سے دفاعی معاہدے کرینگے

ماسکو.... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز صدر پوٹین کی دعوت پر روس کے دورے پر ماسکو پہنچ گئے ۔ شاہ سلمان نے جدہ سے روانگی سے قبل شہزادہ محمد بن سلمان کو نائب الملک کے عہدے پر فائز کردیا تھا۔ خادم حرمین شریفین کی وطن سے غیر موجودگی کے دوران شہزادہ محمد بن سلمان ہی قائم مقام فرمانروا کے فرائض انجام دینگے۔ وہی ریاستی امور کا نظم و نسق چلائیں گے اور وہی عوام کے مفادات کی نگہبانی کرینگے۔ایئر پورٹ پر روسی وزیراعظم نائب اول ایگور شوفالوف اور روس میں متعین سعودی سفیر عبدالرحمن الرسی نے خیر مقدم کیا۔ سرکاری استقبال کیا گیا۔ روس اور سعودی عرب کے قومی ترانے بجائے گئے۔ شاہ سلمان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ اور استقبال کیلئے ایئرپورٹ پہنچنے والے اعلیٰ روسی عہدیداروں سے مصافحہ کیا۔ دریں اثناءروسی صدر پوٹین نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب اور روس کی حالیہ قربت کے بعد دنیا کا نقشہ تبدیل ہوگا۔ روس کے اتحادیوں کا اپنا خارجی ایجنڈا ہے۔ روسی صدر نے مملکت کے ساتھ حقیقی ، سیاسی و اقتصادی شراکت کی افادیت سے متعلق شکوک و شبہات پیدا کرنے والوں کو دنداں شکن جواب دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں کوئی چیز ہمیشہ یکساں نہیں رہتی۔ انہوں نے ماسکو میں توانائی کے موضوع پر عالمی فورم سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ دنیا میں سب کچھ بدلتا ہے۔ خود ہمارے اتحادی اپنی خود مختار خارجہ پالیسی اپنائے ہوئے ہیں۔ وہ فورم کے ناظم کے اس بیان پر تبصرہ کررہے تھے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکہ جیو سیاسی امور میں سعودی عرب کا بنیادی حلیف ہے اور ہمیشہ رہیگا۔ دریں اثناءروسی ایوان صدارت کے ترجمان نے واضح کیاکہ شاہ سلمان اور صدر پوٹین کے مذاکرات کے ایجنڈے پر فوجی تعاون کا موضوع بھی زیر بحث آئیگا۔ روسی وزیر توانائی نے کہا کہ سعودی عرب روس کے توانائی کے شعبے میں ایک ارب ڈالر کا سرمایہ لگائیگا۔ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ شاہ سلمان اور روسی صدر پوٹین اس موقع پر انتہائی اہمیت کے دو طرفہ معاہدوں پر دستخط کرینگے۔ شاہ سلمان کا دورہ روس تاریخی واقعہ ہے۔ اس کی بدولت مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات جدید خطوط پر استوار ہونگے۔
 

شیئر: