طائف میں بین الاقوامی گلاب فورم کا افتتاح آج ہوگا
اتوار 13 اپریل 2025 12:02
’طائف کے الردف پارک میں فورم کی سرگرمیاں 26 اپریل تک جاری رہیں گی‘ ( فوٹو: سبق)
نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ سعود بن مشعل بن عبد العزیز آج اتوار کو طائف میں بین الاقوامی گلاب فورم کا افتتاح کریں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق طائف کے کمشنر شہزادہ نہار بن سعود بن عبد العزیز اور گورنریٹ کے اعلی عہدیداروں کے علاوہ تاجر ، سرمایہ کار اور شہر کی اہم شخصیات افتتاحی تقریب میں شریک ہوں گی۔
طائف کے الردف پارک میں 26 اپریل تک جاری رہنے والا گلاب اور معطر پودوں کا فورم طائف کے گلابوں اور معطر پودوں کی نمائش کے علاوہ خوشبویات کے ماہرین کے خطابات اور متعدد ورکشاپس منعقد ہوں گے۔
پارک میں طائف کے گلابوں کا کارپٹ بھی بچھایا جائے گا جبکہ بچوں اور بڑوں کی تفریح کے لیے متعدد پروگرام بھی منعقد ہوں گے۔