بالوں کی حفاظت، کچھ دیسی نسخے
جمعرات 5 اکتوبر 2017 3:00
جڑی بوٹیوں ، پھلوں سبزیوں اور روغنیات کے استعمال سے بالوں کو نہ صرف خوبصورت اور مضبوط بنایا جاسکتا ہے بلکہ انہیں سفید ہونے سے بھی روکا جاسکتا ہے ۔
بالوں کی صحت و توانائی کے لئے کاسمیٹک ہئیر آئلز کی بجائے ہمیشہ نباتاتی روغنیات مثلاروغن بادام ، روغن زیتون ، روغن ارنڈی (کیسٹر آئل)، روغن کنجد (تلوں کا تیل)اور روغن کھوپرا (گری کا تیل)استعمال کریں ۔ ان سے بال مضبوط ہوتے ہیں ، ان کی چمک دمک قائم رہتی ہے اور جلدی سفید نہیں ہوتے۔
ایسے اسٹائل جن سے بالوں کی جڑیں تازہ ہوا اور سورج کی روشنی سے محروم رہیں ، بالوں کو کمزور بناتے ہیں ان کی قدرتی چمک دمک کو زائل کرتے ہیں اور انہیں وقت سے پہلے سفید کر دیتے ہیں ،ایسے ہیئراسٹائل سے گریز کریں ۔
پھل اور سبزیاں زیادہ استعمال کریں ۔ ان سے بالوں کو نشوونما ہوتی ہے اور خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے۔
پیشانی کے فالتو بال جو بدزیبی کا باعث ہوں ،ہیئر ریموور سے صاف کرلیں ۔
سرسوں کا تیل ، انڈا اور دہی ان تمام اشیاء کو یکجا کرکے بالوں میں ملیں ۔ سر پر سکارف باندھ لیں ۔ ایک گھنٹے کے بعد دھولیں ۔ یہ آمیزہ بالوں کی خشکی دور کرنے کے لیے بہترین ہے۔