نیل آرٹ کا بڑھتا رجحان خواتین میں بے حد مقبول
جمعرات 5 اکتوبر 2017 3:00
خواتین میں ناخنوں کا آرٹ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ناخنوں کو فیشن کے مطابق مختلف پیٹرن سے سجایا جاتا ہے اور اس پر گولڈ اورمہنگے پتھروں سے آرائش کی جاتی ہے۔ آپ کے ناخن نہ صرف ہاتھوں کو خوبصورت بناتے ہیں بلکہ آپ کی باڈی لینگوئج کو بھی تبدیل کر دیتے ہیں۔نیل آرٹ کےلئے ناخنوں کا لمبا ہونا ضروری نہیں،خواتین کے کٹے ہوئے چھوٹے ناخنوں کو خوبصورت بنانا بھی نیل آرٹ کا کمال ہے۔
نیا زمانہ اپنے ساتھ نت نئے انداز لے کر آتا ہے لہذا اب پہلے کی طرح ناخنوں کو رنگنے کا انداز بھی پرانا ہوگیا ہے اور اس کی بجائےنئے ڈیزائنوں سے انہیں آراستہ کیا جانے لگا ہے۔نت نئے ڈیزائنوں پر مبنی یہ انداز باقاعدہ ایک آرٹ کی شکل اختیار کر گیا ہے۔
نیل پالش کا ایک ایسا سیٹ جو پالش پوٹ،موتیوں اور برش پر مبنی ہوتا ہے،ناخنوں کو تھری ڈی آرٹ کا تاثر دینے کے لیے استعمال ہوتا ہے ۔ ناخن کو پینٹ کرنے کے لیے نیل پالش کے دو کوٹ لگائیں اس کے بعداس کے اوپر ننھے منھے موتی بکھیر دیں اور انہیں برش کے ذریعے سیٹ کر لیں، ناخنوں کو خشک ہونے کے لئے پ15 منٹ کا وقت دیں۔
نیل آرٹ ریپس ناخنوں کو سجانے کا ایک نیا ٹرینڈ ہے، یہ مختلف ڈیزائنوں پر مبنی اسٹیکر ہوتے ہیں جنہیں آپ ناخنوں پر چپکا سکتی ہیں اور پھر اپنے ناخنوں کی شیپ کے مطابق انہیں فائل کر سکتی ہیں۔ ویلوٹ نیل وارش کے ذریعے آپ اپنے ناخنوں کو مخملیں تاثر دے سکتی ہیں۔یہ ایک سیٹ ہوتا ہے جس میں نیل وارنش ،ویلوٹ پاؤڈر اور ایک برش شامل ہوتا ہے جس کے ذریعے نیل وارنش لگانے کے بعد مخملیں پاؤڈر لگا کر ناخنوں کو آراستہ کیاجاتا ہے۔
میگنیٹک نیل وارنش کے ذریعے آپ ناخنوں پر اپنی پسند کے مختلف ڈیزائن بنوا سکتی ہیں ۔ اس میں لوہے کے رنگ برنگے ذرات کا استعمال کیا جاتا ہے ۔
نیل آرٹ کے یہ نئے ٹرینڈ دنیا بھر سے تعلق رکھنے والی مشہور خواتین کےلئے بھی پسندیدہ ثابت ہوئے ہیں لہذا فیشن انڈسٹری میں تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں ۔