پاکستان سپر لیگ ٹریڈنگ ، بڑے نام ٹیموں سے فارغ
لاہور:پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل ) میں ٹیموں کے درمیان ٹریڈ کے آخری دن تمام ٹیموں نے بڑے بڑے ناموں کو اپنی ٹیم سے فارغ کردیا جبکہ چند ٹیموں نے آپس میں کھلاڑیوں کے تبادلے کا عمل بھی مکمل کر لیا ہے۔چند دن قبل لیگ کی چیمپیئن پشاور زلمی کے سابق کپتان شاہد آفریدی ٹریڈ کے بعد کراچی کنگز کا حصہ بن گئے تھے۔جمعرات کو ٹریڈ کے آخری دن کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان سہیل خان اور محمد رضوان کے تبادلے پر اتفاق ہوگیا۔ذرائع کے مطابق کوچ مکی آرتھر سے مبینہ طور پر اختلافات اور ان کے خراب رویے کے سبب سہیل خان نے کراچی کنگز کی جانب سے کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔ادھر پی ایس ایل ڈرافٹ سے قبل لاہور قلندرز نے اظہرعلی، گرانٹ ایلیٹ، کرس گرین اور سہیل تنویر کو ٹیم سے ریلیز کردیا جبکہ ڈرافٹ کے ضابطوں اور مکمل سیزن کیلئے عدم دستیابی پر لاہور قلندرز نے انگلینڈ کے جیسن رائے کو بھی ریلیز کردیا۔عمر اکمل کو لاہور قلندرز کی جانب سے ریلیز کرنے کی خبریں بے بنیاد ثابت ہوئیں اور انہیں اسکواڈ کا حصہ برقرار رکھا گیا جبکہ کپتان برینڈن میک کولم کو بھی ریلیز نہیں کیا گیا۔کراچی کنگز نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ اور کرس گیل کے ساتھ ساتھ شعیب ملک اور کمار سنگاکارا کو بھی اسکواڈ سے ریلیز کردیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے کوئی کھلاڑی ٹیم کےساتھ ٹریڈ نہیں کیا لیکن دونوں ایونٹ کا فائنل کھیلنے والی ٹیم نے احمد شہزاد، عمرگل اور لیوک رائٹ کو ٹیم سے ریلیز کیا ہے جبکہ سرفراز احمد اور کیون پیٹرسن کو برقرار رکھا گیا ہے۔محدود وقت کیلئے دستیابی کے سبب کوئٹہ نے معین علی اور محمد نبی کو ریلیز کردیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے انگلینڈ کے سیم بلنگز اور آسٹریلین شین واٹسن کو ریلیز کر دیا جبکہ لیگ کی چیمپیئن پشاور زلمی کی جانب سے بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال، مارلن سیمویلز، آئن مورگن اور فاسٹ بولر جنید خان کو ریلیز کردیا گیا ۔ڈوپنگ پابندی کا شکار اسلام آباد کے آندرے رسل گزشتہ ایڈیشن میں شرکت نہیں کر سکے تھے لیکن پی ایس ایل تھری میں وہ ایکشن میں نظر آئیں گے۔