چلی .... ماہرین فلکیات نے یہاں لگے ہوئے انتہائی لمبی اور موثر دوربین کی مدد سے زمین کی طرف آنے والے ایک بہت بڑی چٹان کو دیکھ لیا ہے۔ جسے تجزیے کے بعد اسے شہابیے کا نام دیا جارہا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ یہ شہابیہ جسے فلکیاتی زبان میں 2012TC4کا نام دیا گیا ہے، آج جمعرات کو زمین کے بالکل قریب سے گزرے گا تاہم یہ قربت بھی کم از کم 27ہزار میل کے فاصلے کی ہوگی۔ واضح ہو کہ یہ شہابیہ 2012ءمیں جھلک دکھلانے کے بعد گزشتہ 5سال سے غائب ہے اور اب 5سال بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب وہ دوبارہ زمین کے بہت ہی قریب سے گزرے گا اور لوگ اسے باآسانی دیکھ سکیں گے۔اندازے کے مطابق یہ شہابیہ تقریباً ایک سو فٹ چوڑا ہے۔ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ جتنے فاصلے سے یہ شہابیہ گزرنے والا ہے وہ یقینی طور پر 27ہزار میل سے بھی کم ہوگا کیونکہ پچھلی مرتبہ جب اسے دیکھا گیا تھا تو وہ لگ بھگ اتنا ہی دور تھا۔ اکتوبر2012ءمیں جب اسکی آمد کا شور ہوا تھا تو ایک خطرے کی کیفیت دنیا بھر میں محسوس کی گئی تھی مگر اب ماہرین کہہ رہے ہیں کہ اسکا اس بار گزرنا محفوظ اور بے خطر رہیگا۔