3 طلاق پر کورٹ کا شوہر کے حق میں فیصلہ
اتوار 15 اکتوبر 2017 3:00
احمد آباد۔۔۔۔سپریم کورٹ کی طرف سے 3طلاق کو غیر قانونی قراردینے کے بعد احمد آباد کی ایک سیشن کورٹ نے حال ہی میں اس کے خلاف فیصلہ سنایا۔ معاملہ گھریلو تشدد کا تھا جس میں متاثرہ نے اپنے شوہر کی طرف سے زدوکوب کرنے اور 3طلاق دینے کے خلاف پہلے ٹرائل کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ ٹرائل کورٹ میں شوہر کو معاملے کا مجرم پائے جانے کے بعد جب معاملہ ڈسٹرکٹ کورٹ پہنچا تو جج نے اسے ماننے سے انکار کردیا اور شوہر کے حق میں فیصلہ سنادیا۔ سٹی سیشن کورٹ کے جج اے آر پٹیل نے رواں سال 29ستمبر کو ٹرائل کورٹ کی کارروائی دیکھنے کے بعد جس گھریلو تشدد معاملے میں شوہر کو مجرم پایا گیا تھا اُس اپیل کو مسترد کردیا جس میں تین طلاق کو غیر قانونی قراردینے کی اپیل کی گئی تھی۔ احمد آباد کے رہائشی اسلام الدین قریشی نے کاغذ پر تین طلاق لکھا اور 13مئی 2011ء کو نوٹری کروایا۔ طلاق کا نوٹس ان کی بیوی شاہین بانو کو تب ملا جب دونوں پہلے سے ہی گھریلو تشدد کے معاملے پر 2008ء سے قانونی جنگ لڑرہے تھے۔ گواہوں اور ثبوتوں کی بنیاد پر ٹرائل کورٹ نے 26نومبر 2012ء کو قریشی کو گھریلو تشدد کا مجرم پایا تھا۔ اسکے بعد اگست میں سپریم کورٹ کی جانب سے 3طلاق کو غیر قانونی قراردینے کے بعد معاملے کو سیشن کورٹ بھیجا گیا کہ شوہر کی طرف سے دیئے گئے 3طلاق کو غلط قراردیا جائے لیکن سیشن کورٹ نے درخواست خارج کرتے ہوئے شوہر کے حق میں فیصلہ سنادیا۔